قاہرہ (امت نیوز) آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم بھارت کے ہاتھوں آخری گروپ میچ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئی۔ مصر میں جاری ایونٹ میں محمد بلال اور محمد ماجد علی پر مشتمل پاکستانی ٹیم کو گروپ اے میں بھارت فور، قطر اور مصر فور کے ساتھ رکھا گیا تھا۔ پاکستانی ٹیم نے ابتدائی میچ میں مصر فور کو ایک کے مقابلے میں 4 پوائنٹس سے ہرا کر ایونٹ میں جاندار انٹری کی تھی۔ تاہم دوسرے میچ میں قطر نے پاکستانی ٹیم کو زبردست مقابلے کے بعد 2 کے مقابلے میں 3 فریمز سے زیر کیا تھا۔ اس کے بعد پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت فور کے خلاف تیسرے اور آخری گروپ میچ میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی اور اسے روایتی حریف کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں 4 فریمز سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس طرح پاکستانی ٹیم متواتر دو شکستوں کے بعد ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔