کراچی (امت نیوز) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید کی ہدایت پر قومی ہاکی ٹیم کے 8 بہترین کھلاڑیوں کو سندھ رینجرز میں ملازمت دے دی گئی۔ نجی ٹی کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ نے کراچی کے 8 جوانوں کی قسمت بدل دیتے ہوئے بے روزگار قومی ہاکی ٹیم کے بہترین پلیئرز کو سندھ رینجرز میں ملازمت دلوا دی۔ سیکرٹری جنرل کراچی ہاکی ایسوسی ایشن حیدر حسین نے پلیئرز کو ملازمت دینے پر ڈی جی رینجرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 سال بعد روایت ٹوٹی اور ہاکی ٹیم کے کسی کھلاڑی کو ملازمت دی گئی، ہم ڈی جی رینجرز کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے یہ احسن قدم اٹھایا جب کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ان سے سبق سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا قومی کھیل ہاکی ہے، جب ملازمت ہی نہیں ہوگی تو کھیلے گا کون، حیدر حسین نے بتایا کہ نوکریوں کے لیے پلیئرز کا انتخاب تین رکنی سلیکشن کمیٹی نے دیا، یہ سلیکشن کمیٹی اولمپئن سمیع اللہ، اولمپئن حنیف خان اور حیدر حسین پر مبنی تھی۔