ڈھاکہ (امت نیوز) فاسٹ بالر مشرفی مرتضی بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے تو سپر اسٹار ہیں لیکن ان کا ماننا ہے کہ ہرکوئی پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان جتنی بلندی نہیں چھو سکتا ہے ۔ بنگلہ دیش کی ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضی 30 دسمبر کو حکمران جماعت عوامی مسلم لیگ کی جانب سے الیکشن لڑنے جارہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ کھیلوں اور چیریٹیز کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔بنگلہ دیشی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران مشرفی مرتضی کا کہنا تھا کہ ایمانداری کی بات ہے کہ ہر کوئی محنت کرنے کے باوجود ہمیشہ وہ مقام حاصل نہیں کرسکتا ہے جو عمران خان نے حاصل کر لیا۔عمران خان پر قسمت کی دیوی مہربان ہے۔ ان کی خواہشات محدود ہیں اور وہ ایک کھلاڑی ہونے کے ناطے کھیلوں کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ وہ اپنے ریجن کیلئے کچھ اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔