امریکہ، چین اور جاپان دنیا کے مقروض ترین ملک نکلے

واشنگٹن (امت نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ کی حالیہ رپورٹ میں امریکہ، چین اور جاپان کو دنیا کےسب سے زیادہ مقروض ملک قرار دیا گیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جاپان کا ہر شہری85 ہزار 700 ڈالر، ہرامریکی 42 ہزار 504 جبکہ چینی شہری 13 ہزار ڈالر سے زائد کا قرض دار ہے- آئی ایم ایف سربراہ نے صورت حال کوتشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ یہ مسئلہ مستقبل میں گھمبیرچیلنج بن کر سامنے آئے گا، جس کا مقابہ مشکل ہوگا۔رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے لئے گئے قرضوں کا مجموعی حجم 184 کھرب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے، جس میں نصف حصہ عالمی سپر پاور اور سب سے زیادہ ترقی یافتہ کہلائے جانے والے ملکوں امریکہ، چین اور جاپان کا ہے۔ اس کے علاوہ ہر پاکستانی کے ذمہ 800 ڈالر قرض ہے۔پاکستانی حکومت کی طرف سے ریکارڈ مالیت میں قرضے لینے کے باوجود عوام پر قرضوں کا بوجھ اب بھی دوسرے ملکوں سے کافی کم ہے ، دنیا کے 150 سے زائد ممالک کے شہری پاکستانیوں سے زیادہ مقروض ہیں۔اسی طرح ہر بھارتی نے 9 سو ڈالراور ہر ایرانی نے 6 سو ڈالر کا قرض ادا کرنا ہے۔آبادی کے تناسب سے کم ترین قرض لینے والوں میں لائبیریا پہلے نمبر پر ہے ، جس کا ہر شہری صرف 27 ڈالر کا مقروض ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ارجنٹائن میں ہونیوالے جی 20 اجلاس میں آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ نے صورت حال پر تشویش کا ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ قرض لینے کے رجحان میں گزشتہ 2 دہائیوں کے دوران ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جس کے ذمے دار ان ملکوں کی ناقص اقتصادی و معاشی پالیسیاں ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر صورت حال پر فوری قابو پانے کیلئے سنجیدہ اقدامات نہ کئے گئے تو یہ پوری دنیا خصوصاً ترقی یافتہ ممالک کیلئے ایک گھمبیر چیلنج بن کر سامنے آئےگا، جس کا مقابلہ آسان نہیں ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment