سندھ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے پی ٹی آئی متحرک

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے وزیرِ اعظم عمران خان کے حکم پر تحریک انصاف سندھ کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو متحرک ہو گئے ہیں ۔تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری جلد گرفتار کئے جائیں گے اور ان کی باقی زندگی جیل میں کٹے گی ۔پی پی رہنما حکومت ، فوج اور عدلیہ کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی نے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو اپنی موجودگی کا احساس دلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ارکانِ سندھ اسمبلی کو صوبہ بھر میں دورے کرنے ،پی پی کارکردگی کا پول کھولنے اور سندھ حکومت کے اداروں کے دوروں کی ہدایات کی گئی ہیں،انہیں ویڈیوز بھی بنانے کی ہدایت کی گئی ہیں ۔اتوار کو تحریک انصاف کے تحت کراچی پریس کلب پر پانی کی قلت پر صوبائی حکومت اور واٹر بورڈ کیخلاف بڑا مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرے کے دوران پانی دو ورنہ کرسی چھوڑ دو اور دیگر نعرے لگائے گئے ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ بہت جلد پیپلز پارٹی کا بڑا لیڈرگرفتار کیا جاسکتا ہے۔صوبے میں 11 سال سے پیپلز پارٹی اقتدار میں ہے ،لیکن اس نے صوبےمیں تعلیم، صحت و ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم کردیا۔سندھ میں کرپشن پر کوئی جواب نہیں دیا جاتا۔بجٹ کہاں جاتا ہے ،اس کا جواب دینے والا کوئی نہیں ہے۔پی ٹی آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان انڈے نہیں ڈنڈے والا وزیر اعظم ہے۔سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک سربراہ آصف علی زرداری کا جیل جانا قریب ہے ۔انور مجید کو کچھ کہیں تو تکلیف نہیں۔سندھ کے حکمران کراچی کو پانی دینے کے قابل نہیں۔11 سال ان کی حکومت رہی ہے ۔پیسے کہاں گئے؟ آج بھی آدھا شہر پیاسا ہے،کوئی ایک شہر گاؤں بتائیں جہاں پانی ہو؟ ۔سمندر کنارے آباد کراچی بوند بوند کو ترس رہا ہے۔مراد علی شاہ معصوم نہیں سندھ کے خزانے کی چابی ان کے پاس ہے۔تھر والوں کی امداد کیلئے مراد علی شاہ کا قلم نہیں چلتا ،لیکن اومنی کے لیے ان کا قلم دوڑتا ہے۔ اگلا احتجاج وزیر اعلیٰ ہاؤس پر ہوگا ۔ادھر سابق صدر آصف علی زرداری کی پریس کانفرنس پرتحریک انصاف نے کڑا تبصرہ کیا ہے ۔وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا کہ پی پی کے شریک سربراہ کو سیاہ کاررناموں کی وجہ سے تا عمر جیل رہنا پڑا گا۔پی پی و زرداری کا دور ختم ہوگیا، ان کی جڑیں کمزور پڑ چکی ہیں۔خزانہ لوٹنے والوں کو ریلیف نہیں ملے گا۔وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے کہا آصف علی زرداری و میاں صاحبان نے عوام کا خون چوسا، ان سے لوٹا ہوا پیسے واپس لے کر عوام پر لگائیں گے۔وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آصف علی زرداری سیاسی حکومت، فوج اور عدلیہ کو بلیک میل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔آصف زرداری نے کرپشن، غنڈہ گردی، قتل و غارت، منی لانڈرنگ و کک بیکس کا انت مچا رکھا تھا اور اب وہ چھری کے نیچے آگئے ہیں۔زرداری خود کو سیاست کا تیس مار خان و جوڑ توڑ کا ماہر سمجھتے ہیں لیکن وہ توڑ پھوڑ کے بے تاج بادشاہ رہے۔آصف زرداری نے10سال کھربوں کی لوٹ مار اور بد معاشی کی اور اب ان کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے۔

Comments (0)
Add Comment