زرداری نے پنجاب کی بجلی بند کرنے کی دھمکی دیدی

حیدرآباد(بیورو رپورٹ) سابق صدر آصف زرداری نے پنجاب کی بجلی بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بینظیرکارڈ کی رقم کم کی تو پنجاب کی بجلی بند کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن شفاف ہوتے تو کپتان نہیں کوئی اور حکومت میں ہوتا۔جب بھی کوئی سیاسی پودا لگتاہے وہ کاٹ کر مصنوعی پودا کھڑا کردیتے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کے مقابلے میں سیاسی فورسز کو فتح ہو گی، جلد ملک میں وسط مدتی انتخابات ہوں گے اور پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے حکومت بنائے گی،کٹھ پتلی موجودہ حکمران انڈر 16 ہیں ان کو کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا کہ کیا کریں،انہوں نے کہا کہ جیل جانے سے نہیں ڈرتا، جیل میرا دوسرا گھر ہے، وہ حیدرآباد اور ٹنڈوالہیار میں جلسے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، آصف علی زرداری نے حیدرآباد میں پیپلزپارٹی کے ایم پی اے عبدالجبار خان کے گھر جا کر ان کے بھائی یوسی چیئرمین عباس خان کے انتقال پر اظہار تعزیت بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے بینظیر کارڈ کی رقم کم کی تو پنجاب کی بجلی بند کردیں گے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ فیصل آباد کو سندھ سے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔جب کہ بینظیر کارڈ میں کٹوتی پر تھر کی غریب خواتین سے مارے پڑے گی ۔انہوں نے کہا کہ جیل ہمارے لئے کوئی نئی جگہ نہیں ہے ،مجھے گرفتار کر لیا گیا تو کیا ہو گا، پیپلزپارٹی پر جب بھی چڑھائی کی گئی ہے ،اسے تقویت ملی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت اگر پکڑدھکڑ نہ کرتی، کاروباری افراد کو نہ جکڑتی تو کاروبار آگے بڑھتا ،لیکن ان کو کھیلنا نہیں آتا، اس لئے میں کہتا ہوں کہ یہ حکمران انڈر 16 ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ غلط فہمی ہے کہ ہم اس لئے انہیں ڈھیل دے رہے ہیں کہ ہمیں کوئی خوف نہیں ہے ،یہ احمقوں کی حکومت ہے ہم آج بھی نہیں چاہتے کہ ادارے کمزور ہوں۔انہوں نے کہا کہ مجھے جلد انتخابات کا اشارہ ملا ہے ۔ہم ان حکمرانوں کو جلد گھر بھیج کر عوام کی ان سے جان چھڑائیں گے اور پیپلزپارٹی نئے انتخابات میں اکثریت سے جیت کر حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ ان کو اصل مسئلہ 18ویں آئینی ترمیم سے ہے ،اسی لئے مجھ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے ،اگر میں مان بھی جاؤں تو اس سے کیا ہو گا ،کیونکہ میری پارٹی نہیں مانے گی، پنجاب کے پی کے بلوچستان نہیں مانیں گے۔انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کا نام لئے بغیر کہا کہ ہم ان سے صرف غیرجانبداری چاہتے ہیں پاور ہم خود حاصل کر لیں گے، آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں کے پی کے کا دورہ کرنے سے روکا جا رہا ہے ۔بلاول بھٹو زردار ی کو کے پی کے میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور کہا گیا کہ وہاں کا موسم ٹھیک نہیں ہے ۔سوال یہ ہے کہ جب حکمران خود وہاں جاتے ہیں تو پھر موسم کیسے ٹھیک ہوتا ہے۔انہوں نے سانحہ اے پی ایس کی سخت مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردری کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کو عبرتناک سزا دی جائے۔

Comments (0)
Add Comment