ہالا/پڈعیدن (نمائندگان امت )سی آئی اے پولیس نے پشاور سے کراچی آنے والی کوچ سے جعلی سگریٹ کے 50 سے زائد کارٹن برآمد کرکے 2 ملزم پکڑ لئے ،جب کہ مٹیاری پولیس نے کار سے 120 کلو چرس برآمد کرلی اور ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق قومی شاہراہ کنڈیارو ٹول پلازہ کے قریب سی آئی اے پولیس نوشہروفیروز کے انجارج شہاب اکبر کولاچی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے پشاور سے کراچی جانے والی مسافر کوچ نمبر EA 4036 پر خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر جعلی سیگریٹ مارون اور کیپٹن کے 50 کارٹون برآمد کر لیئے اور کوچ ڈرائیور لعل زادہ پٹھان اور ساتھی فضل پھٹان کو گرفتار کرلیا۔ سی آئی اے پولیس کے مطابق دونوں ملزمان اور برآمد کی جانے والی جعلی سیگریٹ اور جدہ کوچ کسٹم پولیس کے حوالے کر دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق پشاور کے ضلع چارسدہ سے ہے ،ایس ایس پی نوشہروفیروز طارق ولایت نے سی آئی اے انچارج شہاب اکبر کولاچی کو کامیاب کارروائی پر شاباش دی اور تعریفی سرٹیفیکٹ اور نقدی کا اعلان کیا ہے ۔ادھر مٹیاری پولیس نے دوران کارروائی شکارپور سے اندرون سندھ میں چرس سپلائی کرنے کے لیئے جانے والی مشکوک کار سے 120 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔ تاہم پولیس نے ڈرائیور غازی شیخ کو گرفتار کرلیا گیاہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔