ڈیفنس میں خاتون کو ہراساں کرنے والا شخص گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) درخشاں میں شہری کی جانب سے خاتون کو ہراساں کرنا مہنگا پڑ گیا، خاتون کو ہراساں کرنے کے واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق درخشاں کے علاقے اتحاد کمرشل میں خاتون شاہراہ سے پیدل گزر رہی تھی کہ اسی دوران کار سوار ایک شخص خاتون کے پاس آیا اور اپنی گاڑی میں بیٹھنے کی پیش کش کرتے ہوئے مبینہ طور پر ہراساں کیا۔ خاتون نے اپنے بیگ سے موبائل نکالا اور گاڑی کی ویڈیو بنانی شروع کردی اور ساتھ ہی گاڑی نمبر کو بھی واضح کیا تاکہ ملزم کی شناخت ہوسکے، خاتون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مذکورہ ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ صارفین کو تمام واقعے سے آگاہ کیا اور گاڑی کا نمبر لکھ کر مدد طلب کی۔ حرا نامی خاتون نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد درخشاں تھانے میں جاکر تحریری رپورٹ درج کرائی۔ پولیس نے 6 گھنٹے کے اندر مذکورہ شخص کو حراست میں لے لیا، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے رپورٹ طلب کی اور فوری ایکشن کے احکامات دیے، اے ایس پی کلفٹن سوہا عزیز نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ شخص کی شناخت نبیل موسیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔سوہا عزیز کا مزیدکہنا تھا کہ حرا نے ہراساں کرنےوالے شخص کی ویڈیو بنائی تھی جو پولیس کودی۔ پولیس آفیسر نے ملزم کی گرفتاری سے متعلق خاتون کو آگاہ کیا جس کے بعد انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مسرت کا اظہار کیا اور ملزم کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

Comments (0)
Add Comment