صحافیوں کے درمیان ایڈیٹر پل کا کردار ادا کرتے ہیں- جبار خٹک

کراچی (پ ر) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ، کراچی پریس کلب اور کراچی یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں کے اعزاز میں سی پی این ای کی جانب سے منعقد کئے گئے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت اور حمایت پر اظہار تشکر کے لئے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی جانب سے استقبالیہ دیا گیا۔سی پی این ای کے اراکین میں اعجازالحق، غلام نبی چانڈیو، طاہر نجمی، مقصود یوسفی، عبدالخالق علی، عبدالرحمان منگریو، شیر محمد کھاوڑ، عدنان ملک، بشیر احمدمیمن، حامد حسین عابدی، میاں طارق جاوید، عثمان عارب ساٹی، سعید خاور، محمد طاہر، انور ساجدی، عامر خٹک، حسینہ جتوئی اور حمیدہ گھانگھرو اور دیگر مدیران موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے سی پی این ای کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت اور بھرپور تعاون پر پی ایف یو جے، کراچی پریس کلب اور کے یو جے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں اور اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا تنظیموں کی باہمی یکجہتی اور تعاون کے نتیجے میں اخباری اداروں کے واجبات کی فوری ادائیگی کے حکومتی لائحہ عمل کی تیاری میں تیزی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخباری انتظامیہ اور دیگر صحافیوں کے درمیان اخبارات کے ایڈیٹر ایک پُل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ احتجاجی مظاہرہ بھی اخباری کارکنان کے معاشی مسائل کے پیش نظر کیا تھا۔کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک نے کہا کہ کراچی پریس کلب پر حملے اور اخبارات کے واجبات کی عدم ادائیگیوں کے باوجود تمام میڈیا تنظیموں اور میڈیا کارکنوں کی مثالی یکجہتی سے ریاست کے چوتھے ستون صحافت کی حفاظت کے لئے جدوجہد کو تقویت ملے گی۔ پی ایف یو جے (برنا) کے صدر جی ایم جمالی نے کہا کہ ضروری ہے کہ اخباری ادارے واجبات کی وصولی کے بعد اپنے ملازمین کو فوری تنخواہیں ادا کریں۔ پی ایف یو جے (دستور) کے جنرل سیکریٹری سہیل افضل نے کہا کہ میڈیا کے تمام اسٹیک ہولڈرز باہمی تعاون اور افہام و تفہیم سے اپنے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ کراچی پریس کلب کے جنرل سیکریٹری اور سی پی این ای اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن مقصود یوسفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پی این ای کے زیر اہتمام حالیہ مظاہرہ، میڈیا کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے مابین عملی اتحاد کا پیش خیمہ ثابت ہوا ہے۔

Comments (0)
Add Comment