ویلنگٹن (امت نیوز) ٹم سائوتھی کی عمدہ بائولنگ کے بعد ٹام لیتھم، کین ولیمسن اور روز ٹیلر کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی سری لنکا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مستحکم ہو گئی، میزبان ٹیم نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنا کر مجموعی طور پر 29 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، میچ کا دوسرا روز کیوی بلے بازوں کے نام رہا، لیتھم، ولیمسن اور ٹیلر نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی لینڈرز کے بائولرز کی خوب درگت بنا کر میچ پر گرفت مضبوط کی، ولیمسن 91 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے جبکہ لیتھم 121 اور ٹیلر 50 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں، دریں اثناء سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 282 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی، نیروشن ڈکویلا 80 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ٹم سائوتھی نے 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اتوار کو ویلنگٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکن ٹیم نے 275 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کیاتھا۔