لاہور( این این آئی) ہاکی اوپن سیریز میں حصہ لینے کیلئے غیر ملکی ٹیمیں لاہور پہنچ گئی ہیں۔ ا زبکستان اور قازقستان کی ٹیمیں ہفتہ کے روز لاہور پہنچ گئیں، جہاں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ ہاکی اوپن سیریز کل( پیر) سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہوگی اور 22 دسمبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں پانچ ٹیمیں پاکستان، ازبکستان، قازقستان، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ غیر ملکی کھلاڑیوں نے کہا کہ انہیں پاکستان آکر بے حد خوشی ہوئی ہے۔ انہیں سیکورٹی کی کوئی پرواہ نہیں۔ لاہور میں حفاظتی اقدامات قابل تعریف ہیں۔ واضح رہے کہ ہاکی اوپن سیریز کیلئے پاکستان پریذیڈنٹ الیون کی قیادت اویس الرحمن کریں گے۔ ایونٹ کے تمام میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ اتوار کو پاکستان اور قازقستان کی ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ بھی کھیلا گیا۔