جوہانسبرگ (امت نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات سے باہر زیادہ اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کر رہی ہے اور ٹیم کی باؤلنگ گزشتہ دورہ جنوبی افریقہ کی نسبت بہت بہتر ہے، لہٰذا پاکستان کی جنوبی افریقہ میں پہلی سیریز جیتنے کے امکانات ہیں۔ پاکستان نے اس سے قبل 2013 میں جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا جب اسے ٹیسٹ سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ون ڈے سیریز میں بھی شکست ہوئی تھی۔ تاہم قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی نوجوان بیٹنگ لائن اب پاکستان کے ہوم گراؤنڈ متحدہ عرب امارات سے زیادہ بیرون ملک بہتر بیٹنگ کرتی ہے، کیونکہ اب وہ لیگ اسٹمپ پر کھڑے نہیں ہوتے جبکہ ان کنڈیشنز میں پیس اور سوئنگ کا بھی اچھے طریقے سے سامنا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والی ٹیم کی نسبت اس مرتبہ پاکستانی ٹیم کی باؤلنگ لائن بہت بہتر ہے