لاڑکانہ میں چور گینگ کے 6 کارندے گرفتار- 25 موٹر سائیکل برآمد

لاڑکانہ/ پڈعیدن (نمائندگان) لاڑکانہ میں چور گینگ کے 6 کارندے گرفتار کر کے 25 موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔ جبکہ پڈعیدن میں گٹکے سے لدا ٹرک پکڑا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ پولیس نے موٹر سائیکل چوری کرنے والے گینگ کے 6 ملزمان کو گرفتار کر کے 25 موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ ایس ایس پی مسعود بنگش نے اے ایس پی سٹی محمد کلیم کے ہمراہ اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان ساگر لغاری انور کلہوڑو اور سلطان جونیجو سمیت دیگر ملزمان موٹر سائیکلوں کو چوری کر کے کشمور بیچتے تھے ، جہاں سے بلوچستان منتقل کی جاتی تھیں ۔ ملزمان لاڑکانہ، دادو، قمبر سمیت دیگر علاقوں میں کارروائیاں کرتے تھے۔ ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے مزید موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلیں گے۔ جبکہ دیگر کارروائیوں میں 16جرائم پیشہ بھی دھر لئے۔ جن سے اسلحہ، منشیات اور نقدی برآمد کرلی۔ علی گوہرآباد پولیس نے دوران چیکنگ بھارپور روڈ سے مطلوب ملزم ایاز جاگیرانی کو پسٹل اور گولیوں سمیت، اللہ آباد پولیس نے دوران چیکنگ مطلوب ملزم ساگر لغاری کو پسٹل اور گولیوں سمیت، سی آئی اے پولیس نے سنگین نوعیت کے مقدمات میں اشتہاری ملزم ہزار شیخ کو، تعلقہ پولیس نے دوران چیکنگ ملزم عامر کورائی کو چرس سمیت، تعلقہ پولیس نے جوا کے مقدمے میں دو مطلوب ملزمان غلام عمر مغیری اور آصف مغیری کو، لاشاری پولیس نے دوران چیکنگ رتوڈیرو تھانے کے مقدمے میں دو روپوش ملزمان امداد جتوئی اور داد عرف الھہ ورایو جتوئی کو، ایئرپورٹ پولیس نے دوران چیکنگ دادو ضلع کے اشتہاری ملزم خادم چانڈیو کو، ویہڑ پولیس نے دوران چیکنگ دو مطلوب ملزمان شہزادو چنہ اور گلاب کلہوڑو کو جبکہ ڈوکری پولیس نے جوا کے اڈے پر چھاپہ مارکر پانچ جواریوں نثار سومرو، عرفان سومرو، امتیاز میمن، قاسم سومرو اور ببلو چنجنی کو نقدی سمیت گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کے خلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ دریں اثنا پڈعیدن میں گٹکے سے لدا ٹرک پکڑا گیا۔ قومی شاہراہ مورو ٹول پلازہ کے قریب سی آئی اے نوشہروفیروز کے انچارج شہاب اکبر کولاچی نے خفیہ اطلاع پر دوران چیگنگ کی اور ایک ٹرک نمبر TKM273پر چھاپہ مار کر ٹرک سے 126بوریاں انڈین گٹکا برآمد کر کے دو ملزمان نور محمد پٹھان اور ساتھی کمال دین پٹھان کو گرفتار کرلیا اور ٹرک قبضہ میں لے لیا ۔ پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق کوئٹہ سے ہے اور ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ سماج دشمن عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ایس ایس پی نوشہروفیروز طارق ولایت کی ہدایات پر پڈعیدن پولیس نے دران گشت خفیہ اطلاع پر دو الگ الگ کارروائیوں میں دو ملزمان محمد ابراہیم سولنگی سے 6بوتل شراب (وائن)اور ایک CDموٹرسائیکل برآمد کرلی ۔ دوسری کارروائی میں ایک منشیات فروش ملزم اشرف راجپوت کو گرفتار کرکے اسکے قبضہ سے 1130گرام چرس اور 28پڑیاں ہیروئن برآمد کرلی اور دونوں ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ علاوہ ازیں ڈگری میرواہ روڈ پر معظم پیٹرول کے نزدیک ڈگری پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارکر مختلف مقدمات میں مطلوب روپوش ملزم ڈیوو میگواڑ ولد آچو میگواڑ کوٹ میر جان محمد ڈگری بائے پاس روڈ سے گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی۔

Comments (0)
Add Comment