اسلام آباد/ لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی نے لندن سےپراپرٹیز آف فیصل واوڈا ‘ سیزن کی چوتھی قسط جاری کردی۔ جس میں انہوں نے ایک نئے نام’’ بلا‘‘ کا انکشاف کیاہے جو کہ ان کے مطابق فیصل واوڈا کا فرنٹ مین ہے،عابد شیر علی نے کہا کہ وہ اگلی پریس کانفرنس ان کے دفتر جا کر کریں گے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر فیصل واڈانے دعویٰ کیاہے کہ قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے فارورڈ بلاک تین ماہ میں بن جائیں گے۔ن لیگ کے ایم کیو ایم سے زیادہ ٹکڑے ہونگے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فیصل واڈا نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بن رہاہے ، قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں بھی فارورڈ بلاک بنے گا ،ن لیگ کے ایم کیوایم سے زیادہ ٹکڑے ہونگے اور آئندہ تین سے چار ماہ میں مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بن جائیں گے ، انہوں نے کہاکہ اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں اور کہیں نہیں جارہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عابد شیر علی جس پراپرٹی کا ذکر کررہے ہیں وہ میں پہلے ہی بتا چکا ہوں۔ جتنی قیمت عابد شیر علی نے بتائی ہے ، اس سے آدھی قیمت میں مجھ سے وہ پراپرٹی خرید لیں۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے 11سال سزاکاٹی ہے اور وہ دوسروں کی طرح معاہدہ کرکے ملک سے باہر نہیں گئے۔ علاوہ ازیں لندن میں پاکستانی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما عابد شیر علی نے کہا کہ ’’ میں نے ایک مشن شروع کیا ہے ، فیصل واوڈا کی لندن میں بہت لگژری پراپر ٹیز ہیں۔عابد شیر علی نے ہاتھ میں تھامے پرچے کیمرے میں دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی آپ کے اثاثوں کی کاپی ہے جس میں آپ نے آر او کی ملی بھگت کے ساتھ پراپرٹیز ہیں، اور پراپرٹیز کے ایڈریس کے عین اوپر سٹیمپ کیا گیا ہے تاکہ ٹیکنیکلی اس کو کوئی پڑھ ہی نہ سکے۔عابد شیر علی کا کہناتھا کہ میں نے ہائیڈپارک، کورڈاینگل اور ایلگن سکوائر کے اندر کھڑے ہو کر بات کی اور آپ کی پراپرٹیز کا نام لیا ،آپ تو مان ہی نہیں رہے تھے کہ لندن میں کوئی پراپرٹی ہے اور اگر لندن میں آپ کی کوئی پراپٹریز نہیں تھیں تو آ پ نے چھپایا کیوں۔ عابد شیر علی کا کہناتھا کہ آپ نے ان فلیٹس اور اپارٹمنٹس کی جو مالیت ظاہر کی ہے وہ اصل قیمت کے ساتھ میل نہیں کھاتی کیونکہ الگن سکوائر میں تمام سلیبریٹیز رہتی ہیں اور وہاں پر پراپرٹی کی قیمت تین سے چار ملین پاونڈ تک ہے جبکہ آپ نے جو مالیت کاغذات میں ظاہر کی ہے اتنے پیسوں میں تو آپ پاکستان میں فلیٹ پراپرٹی نہیں خرید سکتے تو پھر آپ نے لندن میں کیسے خریدی۔عابد شیر علی نے دعویٰ کیا ہے کہ آپ نے فرنٹ مین رکھا ہوا ہے جس کا نام ’’بلا‘‘ ہے اور کل میں بلے کے دفتر کے سامنے جا کر پریس ٹاک بھی کروں گاجوکہ آپ کا فرنٹ مین ہے۔جس کے ذریعے آپ نےغیرقانونی جائیدادیں بنائیں اور اسے فرنٹ مین بنا کر بہت بڑے کام کئے ہیں۔عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ میں چیف جسٹس ثاقب نثار اور چیئرمین نیب سے مودبانہ گزارش کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے پر تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دیں۔