اسلام آباد (اویس احمد)فٹبال ہاؤس لاہور کا کنٹرول پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو دینے میں فٹبال ہاؤس کےایڈمنسٹریٹر اور پی ایف ایف کے سابق سیکرٹری کرنل(ر) احمد یار لودھی رکاوٹ بن گئے جس کے بعد پی ایف ایف نے تحریری احکامات لینے کیلئے سپریم کورٹ میں رٹ کر دی۔درخواست میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نو منتخب صدرسید اشفاق حسین شاہ نے سُپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ پی ایف ایف انتظامیہ کو حکم جاری کیا جائے کہ وہ فٹبال ہاؤس لاہور کا کنٹرول سُپریم کورٹ کی ہدایت پر ہونے والے پی ایف ایف کے انتخابات میں منتخب ہونے والے عہدیداروں کے حوالے کرے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ فٹبال ہاؤس کے ایڈمنسٹریٹر پی ایف ایف کے سابق سیکر ٹری کرنل(ر) احمد یار لودھی نے دفتر کا قبضہ نو منتخب عہدیداروں کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ نو منتخب عہدیداروں نے فٹبال ہاؤس کا چارج لینا ہے تو انہیں اس حوالے سے واضح عدالتی احکامات لانا ہونگے۔لہذا عدالت عظمی اس حوالے سےتحریری احکامات جاری کرے تاکہ انتخابات کے بعد فٹبال معاملات اور فٹبال ہاوس کے انتظامی امور نئے منتخب ہونے والے عہدیداروں سنبھال سکیں۔ دوسری جانب پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نو منتخب صدرسید اشفاق حسین شاہ کی ہدایت پر پی ایف ایف کے نائب صدر سردار نوید حیدر، ایگزیکٹو ممبر کانگرس میاں رضوان حیدر، سیکر ٹری اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن شرافت بخاری اور ایڈووکیٹ سُپریم کورٹ چوہدری ذوالفقار پر مشتمل وفد پی ایف ایف ہاوس کا قبضہ حاصل کرنے جمعہ کے روز لاہور پہنچا تھا اورسابق سیکر ٹری پی ایف ایف کرنل (ر)احمد یار لودھی سے ملاقات کر کے فٹبال ہاؤس کا قبضہ حوالے کرنے کی استدعا کی تھی جس پر احمد یار لودھی نے نو منتخب عہدیداران سے استدعا کی تھی کہ وہ فٹبال ہاؤس کا قبضہ لینے کے لئے سُپریم کورٹ آف پاکستان سے احکامات لائیں اور فٹبال ہاوس کے انتظامی امور سنبھال لیں۔ جس کے بعد پی ایف ایف کے نو منتخب صدر کی جانب سے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا ۔دوسری جانب فیصل صالح حیات کی جانب سے فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن(اے ایف سی )عہدیداروں سے ملاقاتیں جاری ہیں جس کے پیش نظر پاکستان کے فٹبال کے عالمی مقابلے میں شرکت پر پابندی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔