کشمیریوں کے قتل عام پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے-مذہبی رہنما

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مذہبی رہنمائوں نے کشمیری عوام کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔جماعت الدعوة کراچی کے مسئول مفتی عبداللطیف نے کہا ہے کہ سانحہ پلوامہ ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی وکالت کا حق ادا کرتے ہوئے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا پر واضح کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا غاصبانہ قبضہ ختم ہونے تک کشمیری اپنی تحریک آزادی پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ بھارتی بندوق کی گولیاں نہتے کشمیریوں تحریک حق خود ارادیت کو نہیں دبا سکتیں۔نہتے مظلوم کشمیریوں کی سیاسی اخلاقی اور روحانی حمایت جاری رکھیں گے۔شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا کہ بھارتی مظالم پر انسانی حقوق کے عالمی چیمپئن کیوں خاموش ہیں۔

Comments (0)
Add Comment