لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) آشیانہ اقبال کیس میں نیب نے شہباز شریف کے خلاف ریفرنس منظوری کیلئے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو بھجوا دیا،کیس میں نیب نے شہباز شریف کے خلاف تحقیقات مکمل کرلی ہیں، ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف ریفرنس مکمل کر کے احتساب عدالت میں دائر کرنے کے لئے چئیرمین نیب کی منظوری کے لئے بھجوا دیا گیا ہے۔یہ ریفرنس اختیارات کے ناجائز استعمال اور مالی فوائد حاصل کرنے کے الزامات پر بنایا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کے خلاف احتساب عدالت میں دائر کیے جانے والا ابتدائی ریفرنس 100 صفحات سے زائد پر مشتمل ہوگا جو رواں ہفتے ہی منظوری ملنے پر دائر کیے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ شہباز شریف کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم اور صاف پانی کیس سمیت مختلف منصوبوں میں کرپشن کے الزامات میں نیب نے گرفتار کیا ہے، شہباز شریف کے ساتھ دیگر ملزمان میں احد چیمہ، شاہد شفیق، امتیاز حیدر ، بلال قدوائی، اسرار سعید اور عارف بٹ شامل ہیں۔