پلوامہ میں جلیانوالہ باغ اور ویتنام قتل عام جیسا سانحہ ہوا-جسٹس کاٹجو

نئی دہلی (امت نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم پر بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔ بھارت کی سپریم کورٹ کے سابق جج مار کنڈے کاٹجو نے اپنی ٹوئٹ میں سانحہ پلوامہ کو جلیانوالہ باغ اور ویتنام کے قتل عام سے تشبیہ دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں بھارتی آرمی چیف بپن راوت کو مبارکباد دی، جس کے قاتل سپاہیوں نے پلوامہ میں بے گناہوں کا قتل عام کیا۔ کاٹجو نے بھارتی آرمی چیف پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ واہ جنرل تمہاری کیا بہادر فوج ہے۔ بھارتی فوجی حکام کا دعویٰ ہے کہ فی الوقت کشمیر میں230مجاہدین سرگرم ہیں، جن کے خلاف آپریشن آل آؤٹ جاری ہے۔ 2018 عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشنوں کے حوالے سے نہایت خونیں ثابت ہوا۔ اس سال240مجاہد شہید ہوئے، نامعلوم مسلح افراد نے7 سیاسی کارکنوں کو بھی ہلاک کیا۔ مجاہدین کے خلاف آپریشن کے مقامات کے قریب مظاہرہ کرنے والوں پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے2خواتین سمیت46افراد شہید ہوئے۔

Comments (0)
Add Comment