نجی اسکولوں کو فیس کمی والے چالان کیلئے جمعرات تک مہلت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں سے جاری کردہ نظر ثانی( ریوائز ڈ)چالان کی20دسمبر تک تفصیلات طلب کر لیں۔جسٹس عقیل احمد عباسی ،جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسز اشرف جہاں پر مشتمل لارجر بنچ نے اضافی فیسوں کے خلاف مسماة بشریٰ جبین و دیگر کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔دوران سماعت جسٹس عقیل احمد عباسی کا کہنا تھا کہ بتائیں ہمارے حکم پر کتنا عمل درآمد ہوا؟ جس پر پرائیویٹ اسکولز کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سپریم کورٹ نے نجی اسکولوں کی فیس میں 20فیصد کمی کی ہے۔ سپریم کورٹ نے گرمیوں کی تعطیلات کی بھی فیس میں 50فیصد کمی کرنے کا حکم دیا ہے، جس پر جسٹس عقیل عباسی کا کہنا تھا کہ کیا سپریم کورٹ نے تمام ہائی کورٹس کو اس حوالے سے کارروائی روکنے کا حکم دیا ہے؟ جس پر پرائیویٹ اسکولز کے وکیل نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم نامے کی سرٹفائیڈ کاپی نہیں ملی۔اس موقع پر طلبہ کے والدین نے عدالت کو بتایا کہ یہ عبوری حکم ہے اور سپریم کورٹ نے حتمی حکم جاری نہیں کیا، جس پرعدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہمارے پاس سپریم کورٹ کا دستخط شدہ حکم نامہ موجود ہوگا، تو مناسب حکم جاری کرسکیں گے۔ہمارا حکم سپریم کورٹ نے معطل نہیں کیا۔عدالت نے مزید کہا کہ پھر بھی آپ کو موقع دے رہے ہیں۔آپ بار بار رعایت کے باوجود تعاون نہیں کررہے۔ہم نے حکم دیا تھا فیس میں کمی والا جاری کردہ چالان پیش کریں۔ آپ ہمیں بلیک اینڈ وائٹ میں دستاویزات دیں ،تاکہ والدین کو بھی فیس جمع کرانے کا پابند کریں۔آپ لوگوں کے پاس جدید سسٹم ہے ٹاپ آڈیٹرز ہیں۔آپ دستاویزات نہیں بنا پارہے ؟اب ہمیں پیپرز بھی نہیں چاہیے آپ کا بیان حلفی لیں گے۔ جب تک سپریم کورٹ کا حکم آئے گا۔آپ ہمارے چھوٹے سے معصوم سے حکم پر عمل کریں۔5فیصد اضافے کے مطابق جو رقم بنتی ہے ،وہ لکھ کر دیں۔والدین بھی سمجھ دار ہوگئے ہیں وہ نظر ثانی (ریوائزڈ) چالان کے بغیر فیس نہیں دیں گے۔بعد ازاں فاضل عدالت نے نجی اسکولوں سے جاری کردہ ( نظرثانی )ریوائزڈ چالان کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔دریں اثنا جسٹس صلاح الدین پہنور نے فریئر ہال پارک میں چہل قدمی کے دوران خواتین سے چھیڑ خانی کرنے کے خلاف دائر درخواست پر تمام ایس ایس پیز سے اپنے علاقوں کے حوالے سے جوابات طلب کرلیے ہیں۔فاضل عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ سمیت دیگر مدعاعلہیان کو نوٹس جاری کردئیے۔ فاضل عدالت نے خواتین کے تحفظ کے حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے بھی جواب طلب کر لیااور اپنے حکم میں کہا ہے کہ آئین خواتین کی بلا خوف خطر نقل و حرکت کا اختیار دیتا ہے۔خواتین کے لئے مخصوص مقامات بالخصوص پارکوں میں کم از کم ایک اہلکار تعینات ہونا چاہیے۔جسٹس محمد علی مظہر کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے بون میرو میں مبتلا عبید رضا کے علاج و معالجے کی رقم سے متعلق دائر درخواست پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ سمیت دیگر کو 21جنوری کے لئے نوٹس جاری کردیے۔فاضل عدالت نے حکومت سے فنڈز کے حوالے سے 4یوم میں تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔اسی بنچ نے شاہ زیب قتل کیس میں عمر کے تعین اور سزاؤں کے خلاف نواب سراج تالپور و دیگر کی جانب دائر اپیلوں کی سماعت 24دسمبر تک ملتوی کردی۔

Comments (0)
Add Comment