منی لانڈرنگ میں ملوث کمپنیوں کو اربوں کے بلدیاتی ٹھیکے دلوائے گئے

کراچی(رپورٹ:نواز بھٹو)صوبے کی حکمران جماعت کی اہم شخصیات کی سفارش پر منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ملوث کمپنیاں ڈی بلوچ،ایسٹرن کنسٹرکشن اور الیاس اینڈسنز بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ضلعی بلدیاتی اداروں سے بھی اربوں کے ٹھیکے حاصل کرتی رہی ہیں۔محکمہ بلدیات نے122 بلدیاتی اداروں کی جانب سے 10برس میں دیے جانے والے ٹھیکوں کا ریکارڈ جے آئی ٹی کو سونپ دیا ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، کے ڈی اے ، ادارہ ترقیات لاڑکانہ، لیاری، سیوھن، ملیر، حیدرآباد، لیاری ایکسپریس وے اور واٹر بورڈ نے مشترکہ ٹیم کو تا حال ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز کا ریکارڈ فراہم نہیں کیا۔ صوبے کے 114بلدیاتی اداروں نے محکمہ بلدیات کو آگاہ کیا ہے کہ انہوں نےڈی بلوچ، ایسٹرن کنسٹرکشن اور الیاس اینڈ سنزکو کوئی ٹھیکہ نہیں دیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے بلدیاتی اداروں نے میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے طلب کرنے پر10سال کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے دیے گئے ٹھیکوں کی تفصیلات کا ریکارڈ فراہم کر دیا ہے ۔جے آئی ٹی کی جانب سے چیف سیکریٹری سندھ کو اس ضمن میں5نومبر کو خط ارسال کیا گیا۔ 20اور 23 نومبر کو یاد دہانی مکتوب ارسال کئے۔10دسمبر کو ایک اور لیٹر کے ذریعےریکارڈ کی عدم فراہمی پر برہمی کا اظہار کئے جانے پرچیف سیکریٹری کی ہدایات پر محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے متعلقہ محکموں خاص طور پر کراچی، لاڑکانہ، لیاری، سیوھن، ملیرو حیدرآباد ڈویلمپنٹ اتھارٹیز، سندھ بلڈنگ کنٹرول ، لیاری ایکسپریس وے ، واٹر بورڈ، اسپیشل سیکریٹری (ٹیکنیکل) محکمہ بلدیات اور سیکریٹری سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ کوبلا تاخیرریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیا ،تاہم کراچی کے بلدیاتی اداروں کے سوا کسی ادارے نے جے آئی ٹی کو رپورٹ نہیں دی۔امت کوحاصل دستاویزات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسزنے میسرز ایسٹرن کنٹرکشن کمپنی کو10برس کے دوران 14ٹینڈر پاس کئے۔ ڈائریکٹر(سی ایم) ایم سی سیکریٹریٹ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ایسٹرن کنٹرکشن کمپنی کے 3ٹینڈر پاس کئے۔ ڈی ایم سی جنوبی کے ایکسین بی اینڈ آرنے بھی ایک ٹینڈر پاس کیا۔ ڈی ایم سی شرقی کے میونسپل کمشنرنے اسی کمپنی کے 15ٹینڈرمنظور کئے۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر ایل جی پروجیکٹس کی طرف سے میسرز سردار محمد اشرف ڈی بلوچ کمپنی کا ایک ٹینڈرپاس کیا گیا۔ ڈی ایم سی وسطی کے ایکسین نارتھ ناظم آباد زون نے میسرز الیاس اینڈ سنز کے 4ٹینڈر پاس کئے۔ بلدیہ وسطی کے ایکسین بی اینڈ آرنے الیاس کو اینڈ سنز کے 12ٹینڈر اور میسرز سردار محمد اشرف ڈی بلوچ کمپنی کے 5ٹینڈر پاس کئے ۔اسی ادارے نے انہی کمپنیوں کے مزید 3ٹینڈر بھی پاس کئے۔بلدیہ وسطی کے ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس نے میسرز الیاس کو اینڈ سنز کے 4و میسرز سردار محمد اشرف ڈی بلوچ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے6ٹینڈر پاس کئے۔ ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ میں ملوث کمپنیز کے منظور کردہ ٹینڈرز زیادہ مالیت کے تھے اور دستاویزات میں ان کی مالیت ظاہر نہیں کی گئی۔ٹینڈر صوبے میں برسر اقتدار جماعت کی اہم شخصیات کی سفارش پر جاری کئے گئے اور ان کمپنیوں کو منصوبوں کی تکمیل سے قبل ہی ادائیگی بھی کر دی گئی تھی۔

Comments (0)
Add Comment