لاہور (امت نیوز) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہاکی سیریز اوپن سوموار کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگئی جو کہ 22 دسمبرتک جاری رہے گی ۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت تھے ۔ہاکی سیریز اوپن ایف آئی ایچ کا ایونٹ ہے اور اس میں میزبان پاکستان ، افغانستان ،کازکستان ،ازبکستان اور نیپال کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اس سیریز کا مقصد گیم ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد اور تھرڈ ورلڈ ممالک میں کھیل کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔انٹرنیشنل ایونٹس کے لئے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ۔افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگوکرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں 14سال کے بعد انٹرنیشنل ہاکی ایونٹ ہورہا ہے جو کہ پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔انٹرنیشنل ایونٹ کے انعقاد سے پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج ابھرے گا۔
٭٭٭٭٭