لاہور (امت نیوز) قومی کھیل ہاکی کے گرتے معیار کے خلاف تحریک التوا ئے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ۔تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہاکی کے عالمی مقا بلوں میں بیشمار فتوحات اور کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ کر ہاکی کی دنیا میں اعلی مقام حاصل کیا تھا۔پاکستان کی عالمی مقابلوں میں مسلسل فتوحات اور کامیابیوں کی بڑی وجہ یہ تھی کہ نوجوان کھلاڑی قومی کھیل ہاکی سے جنون کی حد تک محبت کرتے تھے۔نوجوان قومی ٹیم سے کھیلنے کی خواہش اور جذبے سے سرشار ہو کر انتہائی محنت کرتے تھے۔ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن اور دیگر انتظامیہ کی جانب سے معاملات احسن طریقے سے چلائے جاتے تھے۔پاکستان ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ2018 میں مایوس کن کارکردگی اور مسلسل شکست پاکستانیوں کے لئے انتہائی تکلیف دہ ہے۔پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے گرتے ہوئے معیار نے پاکستان کے ہر شہری کو پریشانی اور اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے کہ کبھی ہاکی کا تاج پاکستان کے سر پر ہوتا تھا اور اب ہماری عالمی مقابلوں میں آخری پوزیشن ہے۔ ہاکی کے کھیل میں ہماری مسلسل ناکامیوں کی بنیادی وجوہات یہ ہیں کہ ہمارے تعلیمی اداروں سے ہاکی کے کھیل کو دیدہ دانستہ باہر نکال دیا گیا ہے۔