چھٹی ٹیم کی قیمت 5 ملین ڈالر سے بڑھنے کا امکان

لاہور (امت نیوز) پاکستان سُپر لیگ کی چھٹی ٹیم کی قیمت پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کی پہنچ سے باہر ہونے لگی۔ گزشتہ ایونٹ کا حصہ بننے والی نئی ٹیم کے مالکان کی ہمت ایک سال بعد ہی جواب دے گئی تھی اور واجبات کی عدم ادائیگی پر معاہدہ ختم ہوگیا۔ نئے مالک کی تلاش کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کارروائی کا آغاز ہوچکا ہے۔ فرنچائز خریدنے کے امیدواروں کو 18 دسمبر تک کاغذات جمع کرانے تھے لیکن بعد ازاں حتمی تاریخ ایک روز آگے بڑھا دی گئی۔ ٹیکنیکل پروپوزل کا جائزہ (آج) بدھ کو لیا جائے گا۔ فنانشل بڈز اگلے روز کھولی جائیں گی۔ واضح رہے کہ فرنچائز کے خریداروں میں حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والے جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین کو مضبوط امیدوار خیال کیا جا رہا تھا تاہم اب ان کی جانب سے تحفظات سامنے آئے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment