ویلنگٹن (امت نیوز) انجیلو میتھیوز اور کوسل مینڈس کی ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت اپنی ٹیم کو یقینی شکست سے بچالیا، ویلنگٹن ٹیسٹ ڈرا کی طرف گامزن، سری لنکا نے کیویز کے خلاف ویلنگٹن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بناکر مجموعی طور پر 37 رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ اسکی ابھی 7 وکٹیں باقی ہیں۔ انجیلو میتھیوز اور کوسل مینڈس نے میچ کے چوتھے روز انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیویز باؤلرز کی خوب دھنائی بھی کی اور اپنی اپنی ناقابل شکست سنچریاں بھی مکمل کیں۔ اس سے قبل میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر سری لنکن ٹیم کو اننگز کی شکست کا سامنا تھا تاہم دونوں کھلاڑیوں نے ملکر چوتھی وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 246 رنز بناکر اپنی ٹیم کو یقینی شکست سے بچا لیا جو اب تک چوتھی وکٹ پر سری لنکا کی دوسری بڑی شراکت داری ہے۔ میچ کے چوتھے روز آئی لینڈرز انجیلو میتھیوز اور کوسل مینڈس کیویز باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے اور کیویز کوئی کھلاڑی آؤٹ نہ کرسکے۔