کوئی عالمی قوت چین کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتی- شی چن پنگ

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک ) چین کے صدر شی چن پنگ نے کہا ہے کہ کوئی بھی عالمی قوت چین کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتی۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی صدر شی چن پنگ نے کمیونسٹ پارٹی کی حکمرانی کے چالیس سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو نہ تو حق حاصل ہے نہ ہی اتنی جرات ہے کہ ہم پر اپنی مرضی مسلط کرسکے۔ صدر شی چن پنگ نے مزید کہا کہ چین پر کوئی حکم نہیں چلا سکتا، چین خوب جانتا ہے کہ اسے کیا کرنا چاہیے، چینی حکومت اپنی اصلاحات جاری رکھے گی جس سے عوام کے لیے سہولت اور آسانیاں پیدا کی جا سکیں گی۔ ہمیں معاشی جنگ سے نہ دھمکایا جائے۔ چین کے صدر نے قوم کو کمیونسٹ پارٹی کی حکمرانی کے 40سال مکمل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل محنت اور بہترین کارکردگی سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور چینی معیشت کو عروج بخشا۔ آج دنیا بھر میں دور تک چین کا کوئی مقابل نہیں ہے۔ واضح رہے کہ چینی صدر کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا جب امریکا اور چین کے درمیان تجارت اور سفارتی معاملات پر شدید اختلافات موجود ہیں۔

Comments (0)
Add Comment