حنیف عباسی کی بیٹی کیخلاف انتقامی کارروائی پرن لیگ کا مظاہرہ

راولپنڈی(نمائندہ امت )ایم ایس بے نظیر بھٹو ہسپتال ڈاکٹر طارق نیازی کی جانب سے حنیف عباسی کی بیٹی ڈاکٹر اریبہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے خلاف مری روڈ پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما امیدوار این اے 60 سجادخان نے کی۔ مظاہرے میں مسلم لیگ ن راولپنڈی کے مرد اور خواتین کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر” ظلم کے ضابطے، ہم نہیں مانتے “ ” ڈاکٹر طارق نیازی پی ٹی آئی کے کارکن نہ بنیں ،مسیحابنیں “ ” لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی ،انڈے مرغی کی سرکارنہیں چلے گی “ ڈاکٹر اریبہ عباسی کااستعفیٰ منظور نہ کیا جائے ، ایم ایس ڈاکٹر طارق نیازی کو معطل کر کے واقعہ کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے“اور دیگر مطالبات درج تھے۔ مظاہرے کے دوران شرکاء نے ایم ایس طارق نیازی کے خلاف اور ڈاکٹر اریبہ عباسی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ احتجاجی مظاہرے میں شریک مسلم لیگی کارکنوں نے مری روڈ پر ٹائروں کو آگ لگائی جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔اس موقع پر سجادخان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس طارق نیازی کی جانب سے قوم کی بیٹی ڈاکٹر اریبہ عباسی کے خلاف انتقامی کاروائی کی مذمت کرتے ہیں ۔ اس ناانصافی اورسیاسی انتقامی کاروائی کے خلاف ہمارا یہ علامتی احتجاجی مظاہرہ یونین کونسل کی سطح کاہے اگر ہمارا مطالبہ منظور نہ کیا گیا تو احتجاج وسیع پیمانے پرکیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طارق نیازی کو معطل کر کے واقعہ کی انکوائری کرائی جائے ڈاکٹر اریبہ عباسی کااستعفیٰ منظور نہ کیا جائے کیونکہ ڈاکٹر اریبہ عباسی کے والد حنیف عباسی کی راولپنڈی کیلئے بے مثال اور لاتعداد خدمات ہیں خصوصاً شعبہ صحت میں بہت زیادہ خدمات ہیں ان کی بیٹی کیخلاف انتقامی کارروائی اچھا اقدام نہیں ، ہم ڈاکٹر اریبہ عباسی کے لئے پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر راجہ بشارت کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment