کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے اپلائیڈ اکنامکس ریسرچ سینٹر کے زیر اہتمام ایچ ای جے جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں منعقدہ تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان ”وسطی ایشیائی معاشی انضمام اور سی پیک: امکانات،چیلنجز اور مستقبل“ کی افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامعہ کے اسکالرز نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی جامعہ کراچی اور پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔ طلبہ کو سوال پوچھنے میں ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے۔سوال کرنا ہی سیکھنے کا بہترین ذریعہ ہے ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے لئے اہم پروجیکٹ ہے ۔پاکستان کی معیشت سے جڑے تمام شعبہ جات کو مثبت اور دوررس نتائج کے حامل پالیسیز کو اپنانا ہوگا، جس سے ملک میں معاشی استحکام آسکے۔ انٹرنیشنل ریلیشنز بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈاکٹر آدم سعود ،محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے مبشر حسین ،اقراء یونیورسٹی کے ڈاکٹر امتیاز عارف اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی مہناز محمد علی نے بھی خطاب کیا۔