آرمی چیف کی قطر کے امیر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں

دوحہ(مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر کے قومی دن کے موقع پر فوجی پریڈ میں شرکت کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ قطر کے دورے پر ہیں اور انہوں نے قطر کے قومی دن پر منعقدہ پریڈ میں شرکت کی۔اس موقع پر آرمی چیف نے قطری مسلح افواج کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل اسٹاف (پائلٹ) غنیم بن شاہین الغنیم کو قومی دن کے موقع پر شاندار اور انتہائی پیشہ ورانہ پریڈ پر مبارک باد دی اور قطر کی سلامتی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر امیرقطرنے افغانستان سمیت علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا جب کہ آرمی چیف نے افغانستان میں امن کے لیے سیاسی مذاکراتی عمل کی حمایت جاری رکھنے پر شیخ تمیم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔بعد ازاں جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیرِ اعظم قطر شیخ عبداللہ بن نصیر بن خلیفہ الثانی سے بھی ملاقات کی جس میں سیکیورٹی سمیت دیگر دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ضمن میں پاکستان نے قطر کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

Comments (0)
Add Comment