کراچی ( رپورٹ : صفدر بٹ ) سول اسپتال انتظامیہ کو بھی کئی برس قبل اسپتال کی قبضہ کی گئی اراضی واگزار کرنے کا خیال آگیا ، 20 سے زائد مکانات گرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے خط لکھ کر ضلعی انتظامیہ سے مددمانگ لی۔ابتدائی طور پر او پی ڈی بلاک میں قائم غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کیلئے نوٹس جاری کر دئیے گئے۔اگلے مرحلے میں دیگر حصوں کی اراضی واگزار کرائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سابقہ ادوار میں تعینات رہنے والے افسران کی ملی بھگت سے اسپتال کی اراضی پر بعض ملامین اور غیر متعلقہ افراد نے کئی برسوں سے 20سے زائد مکانات قائم کر رکھے ہیں اور ان میں سے محض 4سے 5مکانات میں اسپتال کے ملازمین رہائش پزیر ہیں جبکہ دیگر مکانات پر غیر متعلقہ افراد ہزاروں روپے کرائے کے عوض رہائش اختیار کئے ہوئے ہیں، اور ان میں سے بعض مکانات اندر سے انتہائی شاہانہ انداز کے بنائے گئے ہیں اور ان میں اسپتال کے مختلف وارڈوں سے نکالے گئے اسپلٹ اور ونڈو ائیر کنڈیشنڈ بھی لگے ہوئے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سے متعدد کی تعمیرات بھی اسپتال کے وسائل اور سامان سے ہوئی ہے ، مکانات غیر قانونی ہونے کے باعث نہ تو ان کے ہاؤس رینٹ کی کٹوتی ہوتی ہے اور نہ ہی بجلی ، گیس اور پانی کے بلز انہیں ادا کرنا ہوتے ہیں جبکہ لوڈ شیڈنگ سے استثنیٰ ہونے کے سبب انہیں لوڈ شیڈنگ کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑتا ، اگر کسی بڑے بریک ڈاؤن کے سبب بجلی کی سپلائی چلی بھی جائے تو اسٹینڈ بائی جنریٹر سے حاصل ہونے والی بجلی کی سہولت سے بھی غیر قانونی قابضین مفت میں فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال کی اراضی پر ناجائز تعمیرات کے علاوہ 14رہائشی مکانات و کوارٹر پر ریٹائرڈ ڈاکٹر و ملازمین نے بھی کئی سال سے قبضہ کر کے غیر قانونی رہتے ہوئے اسپتال کے تمام وسائیل مفت استعمال کر کے بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہے ہیں اور انتظامیہ نے اس جانب بھی چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے ۔ اس حوالے سے امت کے رابطہ کرنے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رتھ فاؤ سول اسپتال کراچی ڈاکٹر محمد صابر میمن نے ناجائز قابضین کو نوٹس جاری کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر عملدر آمد کیا جائے گا اور تجاوزات سمیت تمام ناجائز قابضین سے قبضہ چھڑایا جائے گا، ناجائز قابضین کے خلاف آپریشن مرحلہ وار کیا جائے گا اور اس ضمن میں او پی ڈی بلاک میں ناجائز قابضین کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں جبکہ آپریشن کیلئے ضلعی انتظامیہ کو بھی لیٹر ارسال کر دئے گئے ہیں ، دیگر قابضین کے خلاف اگلے مرحلے میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔