4 موٹر سائیکل لفٹر – متحدہ ٹارگٹ کلر پکڑے گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ملیر 15 اور سرجانی کے علاقے میں کارروائی کر تے ہوئے 4 رکنی موٹر سائیکل لفٹر گروہ کو گرفتار کرلیا،جس میں باپ بیٹا شامل ہیں۔سی ٹی ڈی نے کورنگی سے متحدہ کا ٹارگٹ کلر پکڑلیا۔رینجرز اور پولیس کی کارروائیوں میں گینگ وار کارندے سمیت 16 ملزم بھی دھرلیے گئے۔تفصیلات کے مطابق رینجرز نے ملیر اور سرجانی کے علاقے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل لفٹر گروپ کے 4کارندے نور محمد ، زید علی، معاذ علی اور محمد رحیم کو گرفتار کرلیا۔ابتدا ئی تفتیش کے مطابق گروہ کے سرغنہ نور محمد اور اس کے ساتھی ملیر ، سرجانی اور لانڈھی کے مختلف علاقوں، پارکنگ اور مختلف کمرشل علاقوں سے موٹرسائیکلیں چوری کر نے اور اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ملزمان نے اب تک500سے زائد موٹرسائیکلیں چوری اور چھیننے کی کارروائیاں کی ہیں۔ملزمان مسروقہ موٹر سا ئیکل کی نمبر پلیٹس اور چیسزنمبر تبدیل کر نے کے بعد تربت اسمگل کرتے تھے۔گرفتار ملزم محمد رحیم گروہ کے سرغنہ نور محمدکا بیٹا ہے جو چیسز نمبر تبدیل کرنے اور جعلی نمبر پلیٹس بنانے کا ماہر ہے۔ملزمان سے4موٹرسائیکلیں، مختلف پارٹس اور جعلی نمبر پلیٹس بر آمد کی گئی ہیں۔سی ٹی ڈی آپریشن ون کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کورنگی میں کارروائی کرکے ٹارگٹ کلر افتخار احمد عرف بھولو کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔ایس پی مرتضیٰ بھٹو نے بتایا کہ ملزم کا تعلق متحدہ پاکستان سے ہے، جو متحدہ کے سابق سیکٹر انچارج کورنگی رئیس مما کی ٹیم کا اہم رکن بھی رہا ہے۔ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ 2011میں ساتھیوں کے ساتھ مل کر ڈی ایس پی کے قافلے پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 3پولیس اہلکار شہید اور 20سے زائد اہلکار زخمی ہوئے تھے، جب کہ پولیس سے مقابلے کے دوران 2حملہ آور مارے گئے تھے۔ملزم نے دوران تفتیش اپنی ٹیم کے 13ساتھیوں کے نام بتائے ہیں۔ملزم نے پارٹی کے لئے فطرہ اور زکواة جمع کرنے کا انکشاف بھی کیا ہے۔رینجرز نےماڑی پور کے علاقے سے لیاری گینگ وار کے کارندے و منشیات فروش عامر خان، پاپوش نگر سے اغوا برائے تاوان کے ملزم علیم الدین، کورنگی سے ملزم علی قاسم ، ماڑی پور کے علاقے سے ملزم شہباز لیاقت عرف لاہوری، زمان ٹاؤن پولیس نے 4ملزمان شاہد، عرفان ، اشتیاق عرف بادشاہ، بابر، پاک کالونی پولیس نے 3ملزمان راشد، محسن ، مزمل، عزیز آباد پولیس نے 2ملزمان احمد رضا، وسیم، میمن گوٹھ پولیس نے 2ملزمان آصف ، اکبر جوہر آباد پولیس نے ملزم شہباز کو گرفتار کرلیا ہے ۔

Comments (0)
Add Comment