اسلام آباد؍کراچی(سٹی رپورٹر؍خبرایجنسیاں) دینی مدارس کیخلاف کسی قسم کی مہم جوئی قبول نہیں، حکومت سابقہ حکمرانوں کے انجام سے سبق سیکھے،مدارس کی بندش اور کسی قسم کی کوئی پابندی اور قدغن کسی طور پر قابل قبول نہیں،مدارس کی حریت و آزادی ہمارے دین اور عقیدے کے تحفظ کی ضمانت ہے،مدارس بارے بیرونی قوتوں کے ایما ء پر تشکیل دی جانے والی کوئی پالیسی نہیں چلنے دیں گے۔ان خیالات کا اظہارمولانا قاضی عبدالرشید،مولانا مفتی محمد طیب.مولانا پیر عزیزالرحمن ہزاروی،مولانا مفتی طاہر مسعود اور دیگر نے مختلف شہروں میں پیغام مدارس کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاق المدارس کے رہنماوٴں نےکہاکہ دینی مدارس کے خلاف کسی قسم کی مہم جوئی قابل قبول نہیں،مدارس کی بندش یا دیگر پابندیوں کا سوال ہی پیدانہیں ہوتا-انہوں نے کہا کہ مدارس کی حریت و آزادی کو ہم اپنے دین اور عقیدے کے تحفظ کی ضمانت تصور کرتے ہیں اس لیے اس پر کسی کمپرومائز کی کوئی گنجائش نہیں-وفاق المدارس کے رہنماوٴں نے کہا کہ مختلف اضلاع میں بھرپور اور کامیاب پیغام مدارس کانفرنسیں پاکستانی عوام کی دین سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہیں-انہوں نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ وہ مدارس دشمنی سے باز رہیں اور مدارس دشمنی میں ملوث اپنے پیش رو اہلکاروں کے انجام سے سبق سیکھیں-انہوں نے کہا بیرونی قوتوں کے ایما پر تشکیل دی جانے والی دین دشمن پالیسیاں کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بننے والے پاکستان میں کسی طور پر نہیں چلنے دی جائیں گی۔وفاق المدارس العربیہ کے مرکزی ناظم مالیات و رکن عاملہ مولانا محمد طیب نے اعلی سطح اجلاس کے بعد وفاق المدارس کے میڈیا سینٹر کے دورہ کے موقع پہ کراچی کے منتظمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس دینیہ اسلام کی حقیقی ترجمانی کا حق ادا کررہے ہیں، تعلیم سے انسانی شعور بیدار ہوتا ہے چاہے وہ عصری ضروری تعلیم ہو یا دینی نظام تعلیم ہو،آج معاشرہ کی اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے مدارس دونوں نظام تعلیم انتہائی اعلی تربیت اور فنی مہارت سے چلا کر ملک سے جہالت کے خاتمہ میں اپنا بہترین کردار ادا کر رہے ہیں، دو نظام تعلیم کو جس وسعت فکر سے آج مدارس دینیہ پڑھا رہے ہیں اس ضرورت کا احساس آج دیگر تعلیمی اداروں کو بھی کرنا چاہئے۔وفاق المدارس کی عاملہ نے مدارس کی مثالی خدمات اور ان کو درپیش مسائل سے آگاہی کے لئے علماء و طلبہ سمیت عوام الناس کے لئے ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے، گزشتہ ایک ماہ سے جاری اس مہم میں مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد شریک ہورہے ہیں اور 20 دسمبر کو جامعہ فاروقیہ کراچی میں اسی سلسلہ میں عظیم الشان پیغام مدارس علماء کنونشن ہوگا۔