اسلام آباد – بڑے اسکولوں کے 75 فیصد طلبہ – طالبات منشیات کے عادی نکلے

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی؍کرائم رپورٹر)و وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ اسلام آباد کے بڑے تعلیمی اداروں میں 75 فیصد طالبات اور 45 فیصد طلبا آئس کرسٹل کا نشہ کرتے ہیں۔اسلام آباد کے بڑے بڑے اسکولوں کے کیفوں میں آئس ہیروئن بک رہی ہے، منشیات کو کینڈی کے ریپر میں دیا جاتا ہے۔وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے اسلام آباد پولیس لائنز میں نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کی طرف سے بچوں کی ٹریننگ کے بارے میں لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں نشے سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات کیے۔ تقریب میں آئی جی اسلام آباد محمدعامر ذوالفقار خان، چئیر مین نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس جسٹس (ر) علی نواز چوہان کے علاوہ پولیس کے دیگر سینئر افسران اور این سی ایچ آر کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس تقریب کا مقصد اسلام آ باد پولیس کو بچوں کے حقوق کے بارے میں آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ تھانے میں بچوں کے آنے پر ان کے حقوق کی پاسداری کر سکیں ۔شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے بڑے نامی گرامی تعلیمی اداروں کا سروے کرایا گیا تو پتہ چلا کہ 75فیصد طالبات اور 45فیصد طلبا آئس کرسٹل کا نشہ کرتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار انتہائی تشوش ناک ہیں، معاشرہ تباہ ہو رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ آئس کرسٹل ایک ٹافی کی طرح ہے، والدین کو بھی پتہ نہیں چلتا کہ کیا چیز ہے لیکن اب انہیں آنکھیں کھلی رکھنا ہوں گی۔شہریار آفریدی نے پولیس سمیت دیگر اداروں کے اندر منشیات فروشوں کی پشت پناہی کرنے والوں کی موجودگی کا انکشاف بھی کیا۔وزیر مملکت نہ کہا کہ والدین کو اس کا احساس کرنا ہوگا کہ ان کے بچے کیا کر رہے ہیں کہاں جا رہے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی پر والدین کا چیک اینڈ بیلنس ضروری ہے، بچوں کو موبائل فون یا دیگر اشیا دینے سے پہلے جاننا ہوگا اس پر بچے کیا استعمال کر رہے ہیں، ان ڈیوائسز کے استعمال سے بچے تباہی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ سرگودھا سے بچوں کی 64ہزار غیراخلاقی وڈیوز برآمد ہوئیں۔بچوں کی عزتوں سے کھیلنے والے اورغیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنائیں گے ۔وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ6سے7 افراد ہیں جو ہر چیزمیں ملے ہوئے ہیں، جو اسلام آبادد کو اپنی جاگیر سمجھے ہوئے ہیں، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔شہریار آفریدی نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے، دنیا کو پاکستان کا مثبت چہرہ دیکھائیں گے اوربائبرڈ وار میں پاکستان کا دفاع کریں گے۔وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی آئندہ نسل کا احساس کرنا ہو گا، منشیات فروشوں اور قبضہ مافیا کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب اداروں میں موجود کالی بھیڑیں کسی صورت بھی بچ نہیں پائیں گی۔خودکش بمبار سو دو سو افراد کو ٹارگٹ کرتا ہے، جب کہ منشیات کا دھندہ کرنے والے، ڈرگ مافیا پوری قوم کو ٹارگٹ کرتا ہے۔وفاقی وزیر مملکت نے آئی جی اسلام آباد کو یہ باور کرایا کہ ان کی پوری ٹیم ان کے ساتھ ہے اور اسی وجہ سے وزیر اعظم پاکستان نے ان کی حالیہ تمام گزارشات کو من و عن منظور کیا ہے ،وزیر مملکت نے وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کا خاص کر اور نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کی خدمات کوبھی بہت سراہا۔وزیر مملکت نے کہا کہ اب ملک میں قانون کی اجارہ داری ہو گی اور کوئی شخص خواہ وہ جتنا ہی طاقتور ہو وہ قانون کے نرغے سے بچ نہ سکے گا۔وزیر مملکت نے کہا کہ ان کی حکومت خصوصی طور پر پسے ہوئے طبقات اور بچوں کے حقوق کو اہمیت دیتی ہے ان کی حکومت میں جبری مشقت اور بچوں پر تشدد کو قطعا برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان چیلنجز کو بھرپور طریقے سے نمٹا جائے گا ،شہریار خان آفریدی نے کہا کہ قانون کی پاسداری اور جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،انہوں نے خصوصی طورپر حالیہ لئے گئے اقدامات اپنے منطقی انجام تک پہنچنے تک جاری رہیں گے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ کسی بھی محکمہ یا طبقہ میں کالی بھیڑوں کو نکال باہر پھینکا جائے گا،آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے وزیر مملکت کو یقین دہانی کروائی کہ گورنمنٹ کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا اور اس ضمن میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑی جائے گی ،آئی جی اسلام آباد اسلام آباد پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے ان کے ساتھ ہمیشہ عزت و احترام سے پیش آؤ ،نیز اگر کوئی بھی واقعہ رونما ہوتا ہے اپنے آپ کو ان لوگوں کی جگہ رکھو ،اس طرح لوگوں کا تم پر اعتماد بحال ہو گا اور لوگ اسلام آباد پولیس سے پیار و یگانگت کا جذبہ رکھیں گے، اس امر میں کوئی شک نہیں کہ پولیس کو تنخواہ لوگوں کے ٹیکسز سے ادا کی جاتی ہے لہذا قانونی و اخلاقی طورپر پولیس کا لوگوں کا احترام کرنا فرض اولین ہے ،آخر میں چئیر مین این سی ایچ آر جسٹس (ر) علی نواز چوہان نے آئی جی اسلام آباد اور ان کی پولیس کا اس تقریب کو منعقد کروانے پر بہت شکریہ ادا کیا ،انہوں نے کہا کہ وہ آئی جی اسلام آباد کا جذبہ انسانی اور بچوں اور پسے ہوئے طبقات کو بری اچھی نظر سے دیکھتے ہیں اور آئی جی کی طرف سے لئے گئے حالیہ تمام اقدامات مثالی ہیں اور ان کا شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء تھا نہ سیکرٹریٹ پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن میں 7ملزمان گرفتار کرکے7 کلو گرام چرس برآمد کر لی ،ان میں سے5منشیات فروش تعلیمی اداروں میں طلبا ء کو منشیات سپلا ئی کر تے تھے۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی سٹی صاعد عزیز کی زیر نگرانی ڈی ایس پی سیکرٹریٹ الفت عارف ، ایس ایچ او تھا نہ سیکرٹریٹ اسجد محمود ،سب انسپکٹرز زاہد اختر ، محمد یوسف ،محمد اسحاق مع دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیموں نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر تے ہوئے 7ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جن میں 5ملزمان تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرتے تھے دیگر ملزمان کی گرفتار ی کے لیے چھاپے ما ر ے جا رہے ہیں۔ عدیل احمد ولد حمید ، سراج خان ،عثمان ، خر م شہزاد، حبیب الرحمٰن ، حمید خان اور محمد صغیر کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 7کلو گرام چرس بر آمد کر کے علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔ ۔

Comments (0)
Add Comment