افغان فوج کی 19 خواتین کی بھارت میں تربیت

نئی دہلی(امت نیوز)افغان خواتین پر مشتمل دوسرے فوجی دستے کی بھارت میں تربیت تکمیل کے قریب پہنچ گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 19 رکنی دستہ گزشتہ ماہ چنائے کی فوجی اکیڈمی میں آیا تھا۔ جن میں 2 جنگی پائلٹ 19 سالہ زہرہ نبی زادے اور 20 سالہ حسنین نجیبی شامل ہیں۔ایک ماہ پر مشتمل کورس 26 دسمبر کو ختم ہوگا جس کے تحت افغان خواتین کو قیادت، جسمانی ورزش اور کمپیوٹر سے متعلق مہارت فراہم کی جارہی ہےتاکہ وہ فوج میں اس کی اہمیت کو سمجھ سکیں۔کرنل آشیش مشرا نے بتایا کہ اکیڈمی سے گزشتہ برس 20 رکنی دستے نے 3 ہفتوں پر مشتمل کورس کیا تھا ۔اسی دوران افغانستان کی اسپیشل فورسز، وزارت دفاع کے اداروں، تعلقات عامہ، مالی اور قانونی امور سے منسلک مزید 15خواتین نے بھی تربیت حاصل کی ۔واضح رہے کہ افغانستان اور بھارت کے مابین بڑھتے ہوئے تعاون پر، پاکستان کئی بار تحفظات کا اظہار کر چکا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔

Comments (0)
Add Comment