ہیلتھ کمیشن کے معائنے میں لیاری اسپتال کی صورتحال خراب نکلی

کراچی(رپورٹ : صفدر بٹ)سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے لیاری جنرل اسپتال کے دورے کے دوران اسپتال میں صفائی کی ناقص صورتحال اور شعبہ حادثات و ہنگامی طبی امداد میں سہولتوں کے فقدان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حالت بہتر بنانے کی تجویز دی ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے کراچی سمیت صوبے بھر میں نجی و سرکاری اسپتالوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔اب تک سندھ بھر میں مجموعی طور پر 3500 کے لگ بھگ چھوٹے بڑے سرکاری و نجی اسپتال کمیشن میں رجسٹریشن حاصل کرچکے ہیں، جس میں سب سے پہلا نمبر ڈاکٹر رتھ فاؤ سول اسپتال کراچی کا ہے ۔بدھ کو ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر منہاج اے قدوائی کی سربراہی میں ڈائریکٹر کلینکل گورننس ڈاکٹر رضا کاظمی اور سیکریٹری صحت سندھ کے نمائندہ خصوصی ڈاکٹر اعجاز خانزادہ کے ہمراہ لیاری جنرل اسپتال کا دورہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم نے شعبہ حادثات میں ای سی جی مشین ، تھرما میٹر اور اسٹیتھو اسکوپ کی عدم موجودگی سمیت دیگر سہولتیں نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا اور اسپتال انتظامیہ کو اس حوالے سے نشاندہی کرائی۔ کمیشن ممبران نے اسپتال میں سیوریج کے پانی سمیت صفائی کی ناقص صورتحال پر بھی انتظامیہ کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں مریضوں کی صحت یابی کس طرح ممکن ہو سکتی ہے ۔سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے پیشگی اطلاعی دورے کے باوجود اسپتال کے انتظامی سربراہ ڈاکٹر انور پالاری موجود نہیں تھے۔ڈاکٹر منہاج قدوائی نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ ضلع جنوبی کے اسپتالوں کے دورے کا آغاز کیا ہے۔لیاری جنرل اسپتال کی رجسٹریشن کے لیے فارم انتظامیہ کو دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نجی و سرکاری اسپتالوں کو رجسٹریشن کرانے کے لیے 2 ماہ کی آخری مہلت دی گئی۔ ساڑھے 4 ہزار موصول درخواستوں میں سے ساڑھے 3 ہزار اسپتالوں و کلینکس کو رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے ۔رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے پر اگلے مرحلے میں اسپتالوں کو مقررہ اصولوں کے طبی سہولیات کا معیار قائم رکھنے سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ اس کی تیاری کرائی جائے گی اور اس حوالے سے تمام دستاویزی ایس او پی تیار ہیں۔مقرر کردہ معیار پر پورا اترنے والے اسپتال و کلینکس کو لائسنس کا اجرا شروع کیا جائے گا۔ڈاکٹر قدوائی کا مزید کہنا تھا کہ صوبے بھر میں تمام نجی و سرکاری اسپتالوں ، کلینکس ، ہومیو پیتھک کلینکس ،رفاہی کلینکس اور حکیموں کے دوا خانوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔صوبے میں اتائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی ہیلتھ سندھ کی جانب سے 5 ہزار اتائیوں کی فہرست موصول ہوچکی ہے ۔جلد ہی ان عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔لیاری جنرل اسپتال کے بعد ہیلتھ کئر کمیشن کی ٹیم نے گارڈن روڈ پر واقع مختلف نجی اسپتالوں و کلینکس کا دورہ کیا اور انہیں جلد از جلد رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی۔

Comments (0)
Add Comment