اسلام آباد(کرائم رپورٹر ؍ خبر نگار خصوصی) حکومت نے وفاقی پولیس کے شہداء کیلئے صوبوں کے مساوی امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ اس امر کا اظہار وزیر مملکت داخلہ شہریار خان آفریدی نے پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں لوئر سکول کورس کی 17ویں جبکہ ریکروٹرز کی 32ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ نئے پاکستان میں کوئی لاقانونیت کا تصور بھی نہ کرے، اب یہاں صرف قانون چلے گا، شہر میں امن عامہ بحال رکھنا اور لوگوں کی جا ن و مال کا تحفظ کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، اسلام آباد پولیس نے جو جہاد ڈرگ و قبضہ مافیا کے خلاف شروع کیا ہے حکومت ان کاوشوں کو سراہتی ہے ،اب اسلام آباد پولیس تمام حدود و قیود کو توڑتے ہوتے ہوئے اس مافیا کے خلاف جا رہی ہے جو اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے تھے ،اب کوئی شخص خواہ وہ کسی ادارے میں ہو اس کا احتساب کیا جائے گا اور وہ قانون کے شکنجے سے بچ کر نہیں جا سکے گا،انہی وجوہات پر وزیر اعظم پاکستان نے آئی جی اسلام آباد کی تمام ڈیمانڈز کو منظور کیا ہے اور خصوصی طور پر اسلام آباد پولیس کے شہداء کا امدادی پیکیج ملک کے دیگر صوبوں کے برابر کئے جانے کے احکامات دئیے ہیں ،وزیر مملکت نے خصوصی طور پر منشیات اور قبضہ مافیا کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کی خصوصی طور پر تعریف کی اور کہا کہ یہ منطقی انجام تک پہنچنے تک جاری رہے گا، اسلام آباد سے قبضہ کی زمین کا ایک ایک ذرہ واگزار کرائیں گے،تمام اسکولز کالجز کو منشیات سے پاک کریں گے۔وزیر مملکت نے اسلام آباد پولیس پر زور ریتے ہوئے کہا کہ اس ملک کے شہری خواہ وہ ناکے پر ،تھانہ میں یا ٹریفک میں آئیں ان کا احترام کیا جائے اور کمیونٹی کے ساتھ مضبوط رشتہ استوار کیا جائے ۔اسلام آباد پولیس چونکہ تمام پاکستان کی نمائندہ فورس ہے اور یہی اس کی خوبصورتی ہے۔آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے وزیر مملکت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔آئی جی اسلام آباد نے وزیر اعظم پاکستان نے حالیہ منظور شدہ شہداء پیکیج پر خصوصی شکریہ ادا کیا ۔ آئی جی نے کہا کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اسلام آباد پولیس کو پورے ملک کے لئے رول ماڈل بنایا جائے گا۔آئی جی اسلام آباد نے وزیر مملکت کو یقین دہانی کرائی کہ جرائم و قبضہ مافیا کے خلاف مہم جاری رہے گی اور پولیس حکومتی وژن کے مطابق اسلام آباد میں امن عامہ کو بحال رکھے گی۔