ہوٹل کا کھانا بچوں کی موت کا سبب بنا۔2ملازم گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کلفٹن کے ایریزونا گرل ریسٹورینٹ کا زہریلا کھانا 2 کم سن بچوں کی موت کا سبب بنا۔ پولیس نے ریسٹورینٹ کے 2 ملازمین کو گرفتار کر لیا، اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اڈھو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 10نومبر کو خاتون عائشہ اپنے دو بچوں عمر اور طفیل احمد کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ساؤتھ سٹی اسپتال لائی، جہاں پر ایک بچہ طفیل احمد اسپتال لانے کے دوران ہی جاں بحق ہوگیا تھا، جبکہ دوسرا بچہ محمد عمر علاج معالجے کے دوران 11 نومبر کو جاں بحق ہوگیا اور بچوں کی ماں عائشہ زیر علاج تھی، واقعے کی اطلاع پر پولیس ایریزونا گرل ریسٹورینٹ اور چنکی منکی سے کھانے کے نمونے فارنسک ٹیسٹ کیلئے (پی ایف ایس اے) لاہور و کراچی یونیورسٹی تجزیہ کے لئے بھجوائے تھے، تجریاتی رپورٹ کے مطابق ایریزونا گرل ریسٹورینٹ کے کھانے میں بیکٹیریا پایا گیا، جو کہ انسانی صحت کے لئے نقصاندہ ہے، جس کی وجہ سے بچوں کی اموات ہوئیں اور بچوں کی ماں کی طبیعت خراب ہوئی، جس پر پولیس نے کارروائی کے دوران 2 ملزمان منیجر عدنان علیم اور عامر اختر شیخ کو گرفتار کرلیا، جبکہ ہوٹل ایریزونا گرل کے مالک ندیم ممتاز نے ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔ واضح رہے کہ بچوں کے والد محمد احسان کی مدعیت میں 11 نومبر کو مقدمہ ساحل تھانے میں درج ہے۔ دریں اثنا پولیس نے دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کردیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ریسٹورینٹ کا مالک ندیم ممتاز راجہ ضمانت قبل از گرفتاری پر ہے، گرفتار ملزمان ایریزونا ریسٹورینٹ کے منیجر اور سسٹر کمپنی اسٹریم ٹریڈنگ کے جنرل منیجر ملزمان ہیں۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ گرفتار ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے تاہم عدالت نے ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ اور تفتیشی افسر کا بیان قلم بند کرنے کے بعد آئندہ سماعت پرپیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

Comments (0)
Add Comment