پی ڈی پی کے 2 سابق وزراء نیشنل کانفرنس میں شامل

لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر میں پیپلز ڈیمو کرٹیک پارٹی (پی ڈی پی) کے دو سینئر ترین لیڈران اور سابق وزراء سید بشارت بخاری اور پیر محمد حسین نے پی ڈی پی سے علیحدگی اختیار کر کے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرلی ہے جس پر پی ڈی پی میں بے چینی پھیل گئی ۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ رواں برس جون میں بی جے پی سے حکومتی اتحاد ٹوٹنے کے بعد سے اب تک 7 پی ڈی پی لیڈران اس جماعت کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں۔بشارت بخاری بارہمولہ حلقہ انتخاب سنگرانہ سے دو بار پی ڈی پی کی ٹکٹ پر الیکشن جیت چکے ہیں جبکہ سابقہ پی ڈی پی بی جے پی مخلوط حکومت میں کابینہ کے وزیر تھے۔ پیر محمد حسین پی ڈی پی بی جے پی حکومت کے دوران جموں و کشمیر وقف بورڈ کے چیئرمین تھے۔دونوں پی ڈی پی لیڈران کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے کی خبریں گزشتہ کچھ روز سے مقامی میڈیا میں گشت کر رہی تھیں۔نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ بشارت بخاری اور پیر محمد حسین نے بدھ کو پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر پارٹی میں باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کی۔ بی جے پی سے حکومتی اتحاد ٹوٹنے کے بعد سے اب تک 7 پی ڈی پی لیڈران اس جماعت کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں۔ بشارت بخاری اور پیر محمد حسین سے قبل ڈاکٹر حسیب احمد درابو، عمران رضا انصاری، عابد حسین انصاری، عباس وانی اور راجا اعجاز علی پی ڈی پی سے الگ ہو گئے تھے۔

Comments (0)
Add Comment