مظفرآباد (نمائندہ امت)جماعت اسلامی آزادکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف ریاست بھر سمیت دارالحکومت مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں جس میں کثیر تعداد میں عوام کی شرکت کی،مظفر آباد میں احتجاجی ریلی اپر اڈہ سے شروع ہوئی اور مدینہ مارکیٹ سے ہوتی ہوئی عزیز چوک میں جلسہ عام کی شکل اختیار کرگئی، احتجاجی مظاہر ہ کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمن،ضلعی امیر پروفیسر غلام مصطفی ،لطیف عباسی،مولانا عبدالقادر ندیم ودیگر کررہے تھے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ محض قراردادوں اور جمع خرچ سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا اس کے پاکستان کو ٹھوس اقدامات اٹھا نا ہوں گے۔شیخ عقیل الرحمن نے کہا کہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد کرنے والوں کو بھارت شہید کررہا ہے اور مظالم ڈھارہا ہے جس پر عالمی دنیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔انڈیا نے جس طرح 1971میں پاکستان کو توڑنے کے لیے اپنی فوج مشرقی پاکستان میں داخل کی اور مکتی باہنی کی حمایت کی پاکستان بھی اسی طرح اپنی افواج کشمیر میں داخل کرکے کشمیر کو بھارت سے آزاد کروائے۔محض قراردادوں سے آزادی نہیں ملے گی یہ سب زبانی جمع خرچ ہے جو ہمیں قبول نہیں۔کشمیریوں کی عملی او رٹھوس مدد کرنے کی ضرورت ہے ۔ضلعی امیر پروفیسر غلام مصطفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں بھارت اپنے بنیادی حق کی جدوجہد کرنے والوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ پیلٹ گن کے ذریعے سے نہتے کشمیریوں کو بینائی سے محروم کیاجارہاہے مگر عالمی انسانی حقوق کے ٹھیکیدار مجرمانہ خاموشی اپنائے ہوئے ہیں ہم ان کے ضمیر پر ماتم کرتے ہیں۔