اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) مذہبی امور کے وفاقی وزیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی اجتماعی کوششوں سے جنونی انتہاءپسندی ، فرقہ پرستی اور دہشتگردی کا مستقل طور پر سدباب اور خاتمہ کرنا موجودہ دور کا اہم ترین تقاضا ہے۔ اقوام عالم میثاق مدینہ سے رہنمائی حاصل کر کے پوری دنیا میں امن وسلامتی کاسنہری دور لا سکتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام فیصل مسجد کیمپس میں منعقد ہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا موضوع مسلم اتحاد اور معاشرے میں امن واستحکام کے لئے سعودی عرب اور پاکستان کا کردار تھا۔ اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر یوسف الدرویش، آئی آر آئی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر معصوم یوسف زئی اور آئی آر آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاءالحق نے بھی خطاب کیا۔ وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ میثاق مدینہ میں ریاست کے تمام شہریوں کو بلا امتیاز و تفریق مذہب و رنگ ونسل سیاسی ، سماجی، معاشی اور تعلیم و انصاف کے مساوی انسانی حقوق کیساتھ ساتھ ہمہ قسم کی مذہبی آزادی کی بھی ضمانت دی گئی۔ موجودہ دور کے مسلمان بھی آنحضورؐ کی سیرت طیبہ اور قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنے معاشرے کو امن و سلامتی کا پرسکون گہوارہ بنا سکتے ہیں،اس عظیم مقصد کے حصول کے لئے پاکستان گورنمنٹ کے ادارے منظم انداز میں اپنا تعمیری و اصلاحی کام شروع کر چکے ہیں جو کہ قرآنی تعلیمات امر با المعروف و نہی عن المنکر کے فلسفہ کی عین مطابق ہے۔ انتہاپسندی -دہشتگردی مسلمانوں کی اجتماعی کاوش سےختم ہوگی