عالمی کتب میلے کا افتتا ح کل ہوگا۔330اسٹالز قائم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے 5 روزہ بین الاقوامی کتب میلہ ’’کراچی انٹرنیشنل بک فیئر 2018 ‘‘ کا افتتاح کل بروز جمعہ ایکسپو سینٹر میں ہوگا۔امسال 330 سے زائد اسٹال لگائے جائیں گے۔ عالمی کتب میلے 17 ممالک کے تقریباً 40 ادارے حصہ لے رہے ہیں، جبکہ پاکستان بھر سے 110 نامور پبلشرز بھی اپنے اسٹال لگائیں گے۔صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ 21 دسمبر کو کتب میلے کا افتتاح کریں گے۔پہلے دن عوامی داخلہ کے اوقات کار صبح 10 سے لے کر رات 9بجے تک ہوں گے۔میلے میں تمام کتابیں انتہائی کم قیمت پر دستیاب ہوں گی۔نمائش میں 5 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد اور کنوینر کے آئی بی ایف اویس مرزاجمیل نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کنوینر وقار متین خان، ندیم مظہرو دیگر بھی ہمراہ تھے۔اویس مرزا نے کہا کہ یہ عالمی میلہ پاکستان بھر کے لاکھوں طلبہ، والدین، ادبی و تدریسی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی خاص توجہ کا مرکز رہا ہے۔عزیز خالد نے کہا کہ تعلیمی ایونٹس کے انعقاد سے ہم اپنے معاشرے کو اقدار، انسانیت، برادشت اور تہذیب کا درس دے سکتے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment