ڈاکٹرشکیل آفریدی کی حوالگی کیلئےامریکی دبائونہیں-حکومت

اسلام آباد(امت نیوز)حکومت نے کہا ہے کہ ڈاکٹرشکیل آفریدی کی حوالگی کےلیے امریکی دبائونہیں۔ سینیٹ اجلاس میں سینیٹر مظفر شاہ حسین نے وزیرداخلہ شہریار آفریدی سے سوال کیا کہ امریکا کی طرف سے شکیل آفریدی کی حوالگی کے لیے درخواست کی خبریں آرہی ہیں۔کیا حکومت کو شکیل آفریدی کے معاملےپرامریکا کی جانب سےکسی دباؤ کاسامنا ہے؟۔شہریار آفریدی نے کہا کہ ’اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا،اگر ایسی کوئی درخواست موصول ہوئی تو یہ معاملہ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد مذکورہ معاملہ صوبوں کا ہے۔ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے اظہار خیال کہ شکیل آفریدی کا معاملہ ’ صوبائی مسئلہ ‘ کہنا درست نہیں۔انہوں نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ کل کلبھوشن یادو سے متعلق بھی ایسا کہا جائے گا‘۔ شہر یار آفریدی نے کہا کہ ’شکیل آفریدی اور کلبھوشن یادو میں فرق ہے‘۔

Comments (0)
Add Comment