دبئی (امت نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بھارت میں کرکٹ امور چلانے والے ادارے (بی سی سی آئی) کے درمیان قانون جنگ کے اخراجات سے متعلق فیصلہ بھی سنادیا۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کو کیس کے اخراجات کی مد میں بھارتی بورڈ کو 60 فیصد رقم ادا کرنی ہوگی۔ گزشتہ روز بھارتی میڈیا میں یہ دعویٰ کیا جارہا تھا کہ پی سی بی کے خلاف کرکٹ تنازع پر بی سی سی آئی کے 12 لاکھ ڈالر (تقریباً 15 کروڑ پاکستانی روپے) خرچ ہوئے تھے۔ اپنے اخرابات کے بارے میں ابھی تک بھارتی بورڈ کی جانب تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم اگر بھارتی میڈیا کے دعوے کو مدِ نظر رکھا جائے تو پی سی بی اپنے حریف بی سی سی آئی کو تقریباً 9 کروڑ پاکستانی روپے دینے کا پابند ہوگا۔ یاد رہے کہ 2014 میں بگ تھری کے معاملے پر پاکستان نے غیر مشروط طور پر بگ تھری کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ بعدِ ازاں پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان ایک معاہدے کی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے جس کے تحت 2015 سے 2022 تک دونوں ملکوں کے درمیان 6 دوطرفہ سیریز کھیلی جانی تھیں اور اس سلسلے کی پہلی سیریز کی میزبانی پاکستان کو کرنی تھی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری سیریز 2007 میں بھارت میں ہی کھیلی گئی تھی ۔