سندھ ۔پنجاب میں بارشیں نہ ہونے سے پانی بحران کا خدشہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ارسا نے صوبوں کو تربیلا اور منگلا ڈیموں میں پانی کی سطح میں تیزی سے ہونے والی کمی سے آگاہ کر دیا ہے ۔ربیع میں سندھ اور پنجاب کو مقرر حصے سے 38 فیصد پانی کم فراہم کیا گیا۔ خریف تک بارش نہ ہوئی تو صورتحال سنگین ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق ارسا نے صوبوںکو تنبیہہ کی ہے کہ ان کے بیراجوں کے سسٹم میں موجود پانی کا استعمال احتیاط سے کیا جائے۔ تربیلا اور منگلا ڈیموں میں پانی کی سطح میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے ۔ صوبوں کو کہا گیا ہے کہ اس وقت تربیلاڈیم میں پانی کی سطح 1416فٹ جب کہ منگلا ڈیم میں 1113فٹ پر آگئی ہے بارش نہ ہونے سے صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے ۔ارسا حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز منگلاڈیم میں پانی کا ذخیرہ ڈیڈ لیول سے 63فٹ اوپر اور تربیلامیں پانی کا ذخیرہ ڈیڈلیول سے30فٹ اوپر ریکارڈ کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ موسمیات کی طرف سے بارشوں سے متعلق جو پیش گوئی کی گئی تھی وہ غلط ثابت ہوئی ہے ارسا حکام کے مطابق محکمہ موسمیات نے امید دلائی ہے کہ دسمبر کے آخر ی ہفتے میں یا جنوری کے پہلے دو ہفتوں میں ملک کے بالائی علاقوں میں تیز بارشیں ہو سکتی ہیں جس کے بعد صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔تاہم اس حوالے سے مارچ میں جائزہ لیا جائے گا۔ ارسا میں سندھ کے نمائندے سید مظہر شاہ کا کہنا ہے کہ صورتحال اتنی بھی خراب نہیں ہے اگر بارش نہ ہوئی تو تشویشناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے صوبوں کو احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Comments (0)
Add Comment