خیر پور/ لاڑکانہ (نمائندگان) خیر پور میں قومی شاہراہ پر ڈاکوؤں نے اپنا راج قائم کر لیا۔ ڈکیتی میں مزاحمت پر ٹرک کے ڈرائیور کو مار ڈالا۔ جبکہ لاڑکانہ میں فائرنگ سے نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق خیر پور میں قومی شاہراہ سفر کیلئے غیر محفوظ ہو گئی۔ ببرلو تھانے کی حدور میں قومی شاہراہ پر مسلح ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ٹرک ڈرائیور شعیب کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے ۔اطلاع پر مقامی پولیس نے لاش سول اسپتال منتقل کی اور ورثاکو اطلاع کی گئی مقتول ڈرائیور سوراہ چوک کوٹ بنگلو کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ جسے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ رات گئے تک واقعہ کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا تھا۔ دریں اثنا لاڑکانہ کے تھانہ حیدری کے علاقے صدیقی کالونی میں فائرنگ کے نتیجے میں 20سالہ محنت کش عبدالرحمن ابڑو شدید زخمی ہوگیا ،جسے ورثا نے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا ،جہاں نوجوان کو طبی امداد دی گئی۔ ورثا کے مطابق نوجوان سبزی منڈی میں محنت مزدوری کرکے گھر والوں کی کفالت کرتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نوجوان کے دوست فرحان گنواس نے اسے گھر سے بلاکر گولی مار کر زخمی کیا۔