کراچی(اسٹاف رپورٹر) لیاری سے رکن صوبائی اسمبلی سندھ سید عبدالرشید نے کہا ہے کہ لیاری کا بہترین اور مثبت چہرہ متعارف کروانے کے لئے کوشاں ہو۔لیاری کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ اس ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لئے صوبائی اور وفاقی حکومتیں اقدامات کریں۔ کھیل کے میدانوں کو اپ گریڈ کیا جائے۔لیاری کے فٹبال کھلاڑیوں کے فنڈز میں کوئی کرپشن برداشت نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیس لیاری کے تحت گبول پارک لیاری میں منعقد یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب تقسیم انعامات میں کیا۔ عبدالرشید نے کہا کہ لیاری کے10ہزار نوجوان فٹبال کے کھلاڑی ہیں۔ لیاری کے میدانوں، پارکوں اور اسکولوں پرقابض مافیا کا خاتمہ کرائیں گے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ لیاری کے نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیاں فراہم کرنے میں تعاون کریں۔