کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ حسین محنتی نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں پر شب خون مارنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ سندھ حکومت تعلیم دشمن اقدامات سے باز رہے۔ اگر کوئی اسکول مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتا تو اسے مہلت دی جائے۔ صوبے میں ناخواندگی، معیار تعلیم میں اضافہ اور یکساں، اسلام و نظریہ پاکستان سے ہم آہنگ نصاب تعلیم کی تیاری کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں نیشنل ایسوسی ایشن فار ایجوکیشن (نافع) کراچی کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت انتصار احمد غوری کررہے تھے۔