اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ میرے ہاتھ صاف ہیں مقدمات کی وجوہات عوام جانتے ہیں،مہنگائی نے غریبوں کی زندگی اجیرن کردی ہے،پارلیمنٹ ہائوس میں پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ میں نے سیاست کو کرپشن نہیں خدمت کا ذریعہ بنایا، میں اور میرا خاندان ماضی میں بھی احتساب کا سامنا کرچکا ہے اور اس میں سرخرو ہوا۔نواز شریف نے کہا ہمارے خلاف مقدمات کی وجوہات عوام جانتے ہیں، تمام مقدمات مفروضوں اور اندازوں پر مبنی ہیں، اپنا فیصلہ اللہ اور عوام کی عدالت پر چھوڑ دیا ہے۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ پارٹی اجلاس میں تنظیم سازی سے متعلق فیصلے کیے گئے، ان فیصلوں کے سیاست پر دور رس اثرات ہوں گے اور پاکستان کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہاکہ (ن) لیگ کی جب حکومت آئی ترقی کو آگے بڑھایا ہے، ہم نے ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی ختم کی، موٹر وے بنائے، ملک میں سی پیک لائے، ہمارے دور میں ہونے والی ترقی کو غیر ملکی بھی مانتے ہیں، ہمارے دور میں پاکستان نے معیشت اور دفاع سمیت ہر شعبے میں ترقی کی، (ن) لیگ کی حکومت نے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے اور اس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے، ہمارے دور میں مہنگائی کی کمر توڑی گئی لیکن موجودہ حکومت نے مہنگائی کردی، 10 ہزار میں ملنے والا راشن اب 16 ہزار میں ملتا ہے، غریب آدمی کو سمجھ نہیں آرہا کیا کرے۔