6 موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے باپ بیٹا ہلاک

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سرجانی ٹاؤن میں 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6ملزمان نے فائرنگ کرکے باپ بیٹا ہلاک جب کہ ایک بیٹا زخمی کردیا اور فرار ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیف المری گوٹھ میں جمعرات کی صبح موٹر سائیکل سوار6 ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی ،جس کے نتیجے میں باپ بیٹا 49سالہ انور اور 24سالہ سلمان جاں بحق جب کہ 25سالہ عدنان پستول کا بٹ لگنے سے زخمی ہوگیا۔ ’’امت ‘‘کو ایس ایچ او چوہدری محمد افضل نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ مضروب عدنان نے 2روز قبل لڑکی کو چھیڑنے پر ایک نوجوان کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا ،جمعرات کی صبح مقتول سلمان گھر کے قریب ہی واقع درزی کی دکان سے گھر کے لیے آرہا تھا کہ اسی دوران3موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے سلمان کو روکا اور اسکے گھر کا پتہ معلوم کیا تو سلمان نے ملزمان کے ہاتھ میں اسلحہ دیکھ کر شور شرابہ شروع کردیا ،جس پر درزی کی دکان پر موجود سلمان کا بھائی عدنان اور گھر سے والد انورآگئے ۔ تینوں نے ایک ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا ، جس پر ملزمان نے انور پر نائن ایم ایم پستول اور تیس بور پستول سے انور کو 5گولیاں ماریں ،جس سے وہ موقع پر ہلاک ہوگیا ، جبکہ ملزمان کو پکڑنے کیلئے دونوں بھائی بھاگے تو ملزمان نے سلمان کو نائن ایم ایم ، تیس بور اور ایس ایم جی سے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔ جب کہ ملزمان کو پکڑنے کے دوران پسٹل کا بٹ لگنے سے عدنان معمولی زخمی ہوا ہے ، عدنان نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ اپنے بھائی کے ساتھ گھر کے قریب ہی درزی کی دکان میں کام کرتا ہے اور دونوں بھائی رات دیر تک کام کرتے تھے ، جمعرات کی علی الصبح سلمان مجھے کہہ کر گیا کہ مجھے نیند آرہی ہے اور وہ سونے کیلئے گھر جارہا ہے ، کچھ ہی دیر بعد مجھے سلمان کے شور مچانے کی آواز آئی تو میں کام چھوڑ کر فورا گلی میں بھاگا تو میرا بھائی سلمان اور والد انور ایک ملزم کو تشدد کا نشانہ بنارہے تھے، باقی 5ملزمان اسلحہ کے زور پر میرے بھائی اور والد سے اپنے ساتھی کو چھڑانے کی کوشش کررہے تھے ، میرے شور مچانے پر ملزمان بھاگ گئے اور ہم تینوں باپ بیٹوں نے پکڑے گئے ملزم کو مارنا شروع کردیا کہ اسی دوران 2موٹر سائیکل پر سوار 4ملزمان دوربارہ آئے اور انہوں نے میرے والد اور بھائی کو گولیاں مار کر قتل کردیا اور اپنے ساتھی کو لے کر فرار ہوگئے۔ ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ واقعہ پراسرار معلوم ہوتا ہے، ملزمان نے کسی قسم کی کوئی لوٹ مار نہیں کی ،کیونکہ مضروب عدنان کے مطابق اسکا بھائی اور والد ملزمان سے ایک گھنٹے تک لڑتے رہے اور شور شرابہ ہونے کے باوجود واقعہ کسی علاقہ مکین نے نہیں دیکھا، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثاکے حوالے کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے، جس کے بعد ہی واقعہ کی اصل حقائق سامنے آئینگے۔

Comments (0)
Add Comment