فیسوں پر اسکول انتظامیہ والدین کو ہراساں نہ کرے – سندھ ہائیکورٹ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کو فیسوں سے متعلق سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کاحکم دے دیا اور کہا ہے کہ نجی اسکول انتظامیہ والدین کو ہراساں نہ کرے، جب کہ والدین کو ہدایت کی ہےکہ وہ آخری فیس اسٹرکچر سے زیادہ فیس ادا نہ کریں۔سندھ ہائی کورٹ میں فیسوں میں 5فیصد سے زائد اضافےکے کیس میں نجی اسکول مالکان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نے نجی اسکول مالکان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست میں احکامات جاری کردیئے۔ عدالت نے حکم دیا کہ سپریم کورٹ کے آرڈر اور سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر عمل کیا جائے، اسکول انتظامیہ والدین اور بچوں کو تنگ نہ کرے، نہ ہی بچوں کو امتحان میں شرکت سے روکا جائے۔عدالت نے حکم دیا کہ نجی اسکول انتظامیہ والدین کو ہراساں نہ کریں اور بچوں کو امتحانات میں شرکت سے نہ روکیں۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ2005کے بعد چند اسکولوں کے علاوہ کسی نے فیس اسٹرکچر کی منظوری نہیں لی۔ بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت 14جنوری تک ملتوی کردی۔

Comments (0)
Add Comment