لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر کے پلوامہ ضلع میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کیخلاف نئی دہلی کے عوام بھی سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی دارالحکومت کے جنتر منتر مقام پر زبردست احتجاج مظاہرہ کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پلوامہ قتل عام کیخلاف احتجاجی مارچ اورشمعین روشن کرنے کے پروگرام کا اہتمام پیپلز یونین فار سول لبرٹیز اور نیشنل الائنس آف پیپلز مومنٹ سمیت سول سوسائٹی کے ایک گروپ نے کیا تھا۔احتجاجی پروگرام میں سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و دہشت گردی کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔ ادھربھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے اپنی فوج کی بزدلی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز اہلکارجنگ زدہ علاقوں میں جانے سے کتراتے ہیں اور بیماری کا ڈھونگ رچا کر آرمی کوارٹرز یا گھروں میں ہی قیام کرنے کوترجیح دیتے ہیں۔بھارتی فوج کے کمزور رویے سے اس کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے اور فوجیوں کا مورال گر رہا ہے۔ادھر بھارتی فورسز کی آئے دن خودکشیوں پر بھی حکام میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی آرمی چیف نے اپنی فوج کی صلاحیتوں اور بزدلی کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ بھارتی آرمی چیف نے اپنی حکومت کو پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار یعنی پراپیگنڈے میں بھی تیزی لانے کی تجویز دی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلانا اور سائبر حملے بھی کرنا ہوں گے۔بھارتی آرمی چیف جنہوں نے ماضی میں پاکستان پر سرجیکل سٹرائیک کا جھوٹا دعویٰ بھی کیا جس پر بعد ازاں انہیں سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا‘ وہ اپنی فوج کی بزدلی کے حوالہ سے مکمل طور پر بے بس دکھائی دے رہے ہیں۔